امریکہ کے بنیادی اصولوں کو موجودہ پاک امریکہ تعلقات کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے امریکی قونصل جنرل سٹیٹسن سینڈرز نے اپنی گفتگو کو امریکی خارجہ پالیسی کے چار مرکزی ستونوں ،جدت، تخلیقی صلاحیت، باہمی رابطے اور مواقع پر مرکوز رکھا۔
تقریب میں پنجاب کے گورنر سردار سلیم حیدر خان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، جبکہ صوبائی قیادت، سرکاری اہلکاروں، کاروباری شخصیات، ماہرین تعلیم، صحافیوں اور سفارتی عملے نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی۔
قونصل جنرل نے پاک امریکہ اقتصادی تعاون پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کا حجم گزشتہ برس ساڑھے آٹھ ارب ڈالر تک پہنچ گیا۔
انہوں نے ہری پور میں گوگل کروم بک کی اسمبلی لائن، پاکستانی ٹیکنالوجی میں امریکی سرمایہ کاری، اور سیالکوٹ میں فیفا ورلڈ کپ فٹ بالز کی تیاری کو دوطرفہ تعلقات کی شاندار مثالیں قرار دیا۔
تقریب کے دوران پاکستانی فنکاروں کی تیار کردہ فلاڈیلفیا کی اصل ’لبرٹی بیل‘ کے حقیقی جسامت کے ماڈلز کی نمائش بھی کی گئی، جو دونوں ممالک کے ثقافتی اور نچلی سطح کے روابط کی عکاسی کرتی ہے۔