آئی فون استعمال کرنے والے پاکستانیوں کے لئے بڑی خبر

آئی فون استعمال کرنے والے پاکستانیوں کے لئے  بڑی خبر

ایپل کی میوزک اسٹریمنگ سروس ایپل میوزک پاکستان میں باضابطہ طور پر لانچ ہونے کے قریب پہنچ گئی ہے، جہاں مقامی صارفین کے لیے پاکستان سے متعلق سبسکرپشن پلانز ظاہر ہونا شروع ہوگئے ہیں اور ادائیگی کا نظام بھی فعال ہونے کی اطلاعات ہیں۔

رپورٹس کے مطابق پاکستان میں آئی فون صارفین اب میوزک ایپ میں مقامی سبسکرپشن پلانز دیکھ سکتے ہیں، جو ملک میں ایپل میوزک کی طویل انتظار کے بعد دستیابی کی جانب اہم پیش رفت ہے۔ سروس اینڈرائیڈ صارفین کے لیے پہلے ہی دستیاب ہے۔

پاکستانی صارفین کے لیے فی الحال ماہانہ سبسکرپشن کی تفصیلات درج ذیل ہیں:

انفرادی پلان: 379 روپے ماہانہ
فیملی پلان: 649 روپے ماہانہ

دونوں پلانز کے ساتھ ایک ماہ کا مفت ٹرائل بھی شامل ہے، جس کے بعد سبسکرپشن ماہانہ بنیاد پر خودکار طور پر تجدید ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: موبائل فون فروخت کرنے سے پہلے یہ کام کرنا نہ بھولیں، پی ٹی اے کا الرٹ جاری

رپورٹ کے مطابق یہ پیش رفت ایپل کے جاری آئی او ایس 27 بیٹا سائیکل کے دوران سامنے آئی ہے۔ پاکستانی صارفین کی جانب سے ادائیگیاں کامیابی سے مکمل ہونے کے شواہد بھی ملے ہیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ سروس محض مقامی قیمتیں دکھانے تک محدود نہیں بلکہ سبسکرپشن کا عملی نظام بھی فعال ہوچکا ہے۔

ذرائع کے مطابق ایپل پے کی پاکستان میں آمد بھی متوقع ہے، تاہم ایپل کی جانب سے اس حوالے سے تاحال باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔ فی الحال پاکستانی صارفین کے لیے پے پاک کارڈز کے ذریعے کامیاب ادائیگی کی اطلاعات ہیں، جبکہ مستقبل میں دیگر کارڈز کی معاونت بھی متوقع ہے۔

دریں اثنا، ایپل میوزک کے آئی او ایس 27 ورژن میں متعدد نئے فیچرز بھی متعارف کرائے جا رہے ہیں، جن میں نئے ڈیزائن کے ساتھ آٹو مکس ، لینڈ اسکیپ سپورٹ اور فنکاروں کے صفحات میں تبدیلیاں شامل ہیں۔

ایپل نے پاکستان میں سروس کے حوالے سے تاحال الگ سے باضابطہ عوامی اعلان نہیں کیا، تاہم مقامی پلانز اور کامیاب ادائیگیوں کے شواہد سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستانی صارفین کے لیے ایپل میوزک کی دستیابی کا عمل آخری مراحل میں پہنچ چکا ہے۔

Related Articles