آن لائن ٹیکسی ڈرائیور نے میر رضا علی کی رائیڈ سے متعلق اہم تفصیلات بتا دیں

آن لائن ٹیکسی ڈرائیور نے میر رضا علی کی رائیڈ سے متعلق اہم تفصیلات بتا دیں

آن لائن ٹیکسی ڈرائیور احسان اللہ نے میر رضا علی کو چھوڑنے سے متعلق رائیڈ کی اہم تفصیلات بیان کرتے ہوئے سفر کے دوران پیش آنے والے واقعات سے آگاہ کیا ہے۔

نجی ٹی وی گفتگو میں احسان اللہ نے بتایا کہ میر رضا علی نے سہ پہر 3 بج کر 57 منٹ پر آن لائن رائیڈ بک کی، جبکہ انہوں نے 4 بج کر 7 منٹ پر فون کرکے اپنی آمد سے آگاہ کیا۔ ڈرائیور کے مطابق رائیڈ کا آغاز 4 بج کر 9 منٹ پر ہوا۔

احسان اللہ نے بتایا کہ وہ میر رضا علی کو خالد بن ولید روڈ سے طارق روڈ اور پھر بہادر آباد لے کر گئے۔ اس کے بعد سفر اسٹیڈیم، ملینیم مال اور پرفیوم چوک سے ہوتا ہوا جوہر موڑ اور موسمیات کی جانب جاری رہا۔

ڈرائیور کے مطابق موسمیات کی طرف جاتے ہوئے میر رضا علی نے کہا کہ انہیں مطلوبہ مقام پر چھوڑ دیا جائے اور وہ راستے کی رہنمائی کرتے جائیں گے۔ اس کے بعد احسان اللہ نے ان کی ہدایت کے مطابق مختلف راستوں سے سفر جاری رکھا۔

یہ بھی پڑھیں: یومِ شہدائے پولیس: پاک فوج اور فرنٹیئر کور کے کمانڈرز کے خیبرپختونخوا پولیس کے مختلف ہیڈکوارٹرز اور تھانوں کے دورے

احسان اللہ نے بتایا کہ سفر کے دوران میر رضا علی نے گاڑی میں گانے بھی چلائے اور گاڑی تیز چلانے کا کہا۔ ان کے بقول، میر رضا علی نے دورانِ سفر کسی شخص کو فون نہیں کیا، تاہم وہ اپنا موبائل فون استعمال کرتے رہے۔

ڈرائیور نے مزید بتایا کہ میر رضا علی کے ساتھ ہونے والی رائیڈ کا تمام ریکارڈ ان کے پاس موجود ہے۔ ان کے مطابق جس مقام پر میر رضا علی کو اتارا گیا، وہاں اس وقت کوئی شخص موجود نہیں تھا۔

رائیڈ اور اس سے متعلق بیان کردہ تفصیلات کی مزید تصدیق متعلقہ ریکارڈ اور حکام کی تحقیقات سے سامنے آ سکے گی۔

Related Articles