موبائل فون فروخت کرنے سے پہلے یہ کام کرنا نہ بھولیں، پی ٹی اے کا الرٹ جاری

موبائل فون فروخت کرنے سے پہلے یہ کام کرنا نہ بھولیں، پی ٹی اے کا الرٹ جاری

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے شہریوں کو موبائل فون فروخت کرنے، کسی کو دینے یا مرمت کے لیے بھیجنے سے قبل ذاتی اور حساس معلومات کے تحفظ کے لیے اہم ہدایات جاری کردی ہیں۔

پی ٹی اے حکام کے مطابق اسمارٹ فونز میں ذاتی تصاویر، کانٹیکٹس، میسجز، دستاویزات، پاس ورڈز اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی رسائی موجود ہوتی ہے۔ معمولی سی لاپرواہی کی صورت میں ڈیٹا چوری اور پرائیویسی متاثر ہونے کا شدید خطرہ ہوتا ہے۔

فیکٹری ری سیٹ سے پہلے انکرپشن یقینی بنائیں

پی ٹی اے نے صارفین کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ فیکٹری ری سیٹ کرنے سے پہلے اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ فون کا تمام ڈیٹا مکمل طور پر انکرپٹ ہو۔

انکرپشن کے بعد فون کو فیکٹری ری سیٹ کیا جائے۔ پی ٹی اے کے مطابق جدید سافٹ ویئرز نارمل ری سیٹ کے بعد ڈیٹا بحال کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، اس لیے مکمل ری سیٹ انتہائی ضروری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں ’ای سم‘ کن موبائل فونز میں چلے گی، تفصیل سامنے آگئی

دوبارہ فیکٹری ری سیٹ کرنے کی ہدایت

پی ٹی اے کے مطابق پہلی بار فیکٹری ری سیٹ کرنے کے بعد فون میں کچھ عام یا بلا مقصد ویڈیوز اور تصاویر دوبارہ ٹرانسفر کی جائیں اور پھر سے فون کو فیکٹری ری سیٹ کردیا جائے۔

اتھارٹی کے مطابق اس عمل سے پرانے ذاتی ڈیٹا کی بحالی کے امکانات ختم ہوجاتے ہیں۔

اہم ڈیٹا کا بیک اپ ضرور لیں

پی ٹی اے نے ہدایت کی ہے کہ فون سے کوئی بھی فائل ڈیلیٹ کرنے سے پہلے اہم تصاویر، کانٹیکٹس، دستاویزات اور دیگر فائلوں کو کسی محفوظ جگہ، مثلاً کلاؤڈ یا ہارڈ ڈرائیو، میں بیک اپ کرلیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: موبائل صارفین کیلئے خوشخبری ، ہفتہ اور ماہانہ سستے پیکیجز کی تفصیلات آ گئیں

پی ٹی اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ فون کسی کے بھی حوالے کرنے سے قبل اپنا سم کارڈ اور ایکسٹرنل میموری کارڈ لازمی نکال لیں۔

پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ ان چند منٹوں کی احتیاطی تدابیر سے صارفین اپنے اہم اور ذاتی ڈیٹا کی چوری اور پرائیویسی کی خلاف ورزی سے خود کو محفوظ رکھ سکتے ہیں۔

Related Articles