انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والوں کے لیے خوشخبری

انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والوں کے لیے خوشخبری

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے تاجروں کے لیے آسان ٹیکس اسکیم اور نئے مالی سال کے انکم ٹیکس گوشواروں کے اجرا کی تیاری مکمل کرلی، جبکہ 14 اگست کو گفٹ اور مراعاتی اسکیم متعارف کرانے کا اعلان کیا گیا ہے۔

ذرائع ایف بی آر کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف 14 اگست کو تاجروں کے لیے آسان ٹیکس اسکیم اور نئے مختصر انکم ٹیکس فارم کا باقاعدہ افتتاح کریں گے۔

اسکیم کے تحت 30 ستمبر تک انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والے تاجروں کو خصوصی مراعات فراہم کی جائیں گی۔ تاجروں کے لیے دکان کے باہر ایف بی آر کی رجسٹریشن پلیٹ آویزاں کرنا لازمی ہوگا، تاہم مقررہ مدت کے اندر گوشوارے جمع کرانے والوں کو 25 ہزار روپے مالیت کی رجسٹریشن پلیٹ بطور تحفہ فراہم کی جائے گی اور رجسٹریشن فیس بھی معاف ہوگی۔

ذرائع کے مطابق بروقت ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والے تاجروں کے لیے مزید گفٹس اور مراعات پر مبنی اسکیم بھی زیر غور ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ٹیکس چوری پر بڑا پہرا، کون سا افسر آپ کا آڈٹ کر رہا ہے؟ ایف بی آر میں نیا خفیہ سسٹم متعارف

دوسری جانب مقررہ تاریخ گزرنے کے بعد گوشوارے جمع کرانے والے تاجروں کے خلاف سخت اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ 30 ستمبر کے بعد گوشوارے جمع کرانے والوں سے 25 ہزار روپے رجسٹریشن فیس کے علاوہ 25 ہزار روپے جرمانہ بھی وصول کیا جائے گا۔

ایف بی آر نے اس سال انکم ٹیکس فارم کو مزید سادہ اور مختصر بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ کاروباری افراد اور انفرادی ٹیکس دہندگان کے لیے الگ الگ فارم متعارف کرائے جائیں گے، جبکہ انفرادی ٹیکس دہندگان کا فارم مختصر ترین رکھنے کی تجویز ہے۔

نئے انکم ٹیکس گوشواروں کا فارم 14 اگست کو لانچ کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق گوشوارہ جمع کرانے کے بعد کسی غلطی کی صورت میں یا تبدیلی درکار ہونے پر تاجروں کو 48 گھنٹے کے اندر تصحیح کا موقع بھی دیا جائے گا۔

Related Articles