قومی اسمبلی کا پہلا اجلاس نئے مالی سال کے بجٹ کی منظوری کے بعد کل پیر کو طلب کرلیا گیا ہے، قومی اسمبلی کا اجلاس شام 5 بجے ہوگا، جس کی صدارت اسپیکر سردار ایاز صادق کریں گے۔
اجلاس کے آغاز میں رکن قومی اسمبلی اقبال چنڑ مرحوم کے لیے فاتحہ خوانی اور دعائے مغفرت کی جائے گی، ان کے انتقال پر ایوان میں تعزیتی ریفرنس بھی ہوگا۔
پارلیمانی روایات کے مطابق تعزیتی ریفرنس کے بعد قومی اسمبلی کا اجلاس ملتوی کردیا جائے گا، جس کے باعث پیر کے اجلاس میں معمول کا قانون سازی اور دیگر پارلیمانی بزنس نہیں ہوگا۔
منگل کو قومی اسمبلی کا اجلاس معمول کے بزنس اور ایجنڈے کے مطابق جاری رہے گا،ایوان میں مختلف امور پر کارروائی اور طے شدہ ایجنڈے کو آگے بڑھایا جائے گا۔
قومی اسمبلی کے آئندہ اجلاس کے شیڈول اور ایجنڈے کو حتمی شکل دینے کے لیے پارلیمانی رہنماؤں کا اجلاس بھی طلب کرلیا گیا ہے،پارلیمانی رہنماؤں کا اجلاس کل شام 4 بجے اسپیکر سردار ایاز صادق کے چیمبر میں ہوگا، جہاں ایوان کی آئندہ کارروائی، شیڈول اور ایجنڈے سے متعلق امور پر مشاورت کی جائے گی۔