حکومت اور آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز اتحاد کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے، جس کے بعد ٹرانسپورٹرز نے ملک گیر ہڑتال 40 دن کے لیے مؤخر کرنے کا اعلان کردیا۔
مذاکرات میں ٹرانسپورٹرز کے مختلف مطالبات پر تفصیلی بات چیت ہوئی، جبکہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے متعدد مطالبات تسلیم کیے جانے کے بعد ہڑتال مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز اتحاد شہزاد اعوان نے مذاکرات کی کامیابی کا اعلان کرتے ہوئے وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کا شکریہ ادا کیا، ان کا کہنا تھا کہ عبدالعلیم خان نے سب سے پہلے ٹرانسپورٹرز کے مسائل سنے اور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
شہزاد اعوان کے مطابق وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے ٹرانسپورٹرز کے تقریباً تمام مطالبات تسلیم کرلیے ہیں، جبکہ بعض معاملات پر عملی پیش رفت کے لیے اقدامات بھی شروع کردیئے گئے ہیں۔
ود ہولڈنگ ٹیکس پر کمیٹی قائم
ٹرانسپورٹرز کے ود ہولڈنگ ٹیکس میں کمی کے مطالبے پر حکومت نے کمیٹی تشکیل دے دی ہے، جو معاملے کا جائزہ لے کر آئندہ لائحہ عمل طے کرے گی ٹرانسپورٹرز اتحاد کا کہنا ہے کہ ٹیکس سے متعلق مطالبہ ان کے اہم مسائل میں شامل تھا اور اس پر کمیٹی کا قیام مذاکرات میں ہونے والی پیش رفت کا حصہ ہے۔
پٹرولیم قیمتوں پر بھی بات چیت
مذاکرات میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں روزانہ تبدیلی کے فیصلے کا معاملہ بھی زیر بحث آیا، حکومت نے اس معاملے پر مزید غور کے لیے 15 دن کا وقت مانگا ہے،ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں ان کے کاروباری اخراجات پر براہ راست اثر انداز ہوتی ہیں، اس لیے قیمتوں کے تعین کے طریقہ کار میں تبدیلی ان کے لیے اہم معاملہ ہے۔
ٹرانسپورٹرز کا شکریہ
وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے ٹرانسپورٹرز کے ساتھ سنجیدگی سے مذاکرات کیے اور ان کے مسائل سنے گئے۔
انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز کے بہت سے مسائل حل ہوچکے ہیں، جبکہ جن معاملات کو حل ہونے میں وقت درکار ہوگا، ان کے لیے کمیٹیاں قائم کردی گئی ہیں۔
حکومتی وزرا کا تعاون
عبدالعلیم خان نے کہا کہ وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک اور وزیر بحری امور جنید انوار نے مذاکرات کے دوران بھرپور تعاون کیا،ان کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان کے مفاد میں اسی جذبے کے ساتھ آگے بڑھے گی۔
وفاقی وزیر نے ٹرانسپورٹرز اتحاد کے صدر شہزاد اعوان اور ان کی ٹیم کا بھی شکریہ ادا کیا، جبکہ مذاکرات کے لیے تمام فریقین کو اکٹھا کرنے میں گورنر سندھ کے کردار کو بھی سراہا۔
مذاکرات کی کامیابی کے بعد ٹرانسپورٹرز کی جانب سے 40 روز کے لیے ہڑتال مؤخر کرنے کا فیصلہ ملک بھر میں گڈز ٹرانسپورٹ کی معمول کی سرگرمیوں کے تسلسل کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے۔