امریکا کے سابق کالج ایتھلیٹ اسٹیفن بیبل ہاؤسن نے اپنی بیٹی کو اسٹرولر میں بٹھا کر ایک میل کی دوڑ صرف 4 منٹ 17 سیکنڈ میں مکمل کرکے سب کو حیران کردیا۔
سابق میامی یونیورسٹی رنر نے اوہائیو کے شہر کلیولینڈ میں ہونے والی گارجئن مائل ریس میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنی بیٹی بلیک کو اسٹرولر میں بٹھا کر ہوپ میموریل برج پر مقررہ فاصلہ طے کیا۔
اسٹیفن کا کہنا ہے کہ انہوں نے ریس کے دوران عالمی ریکارڈ بنانے کا ارادہ نہیں کیا تھا، بلکہ ان کا ہدف مقامی کورس ریکارڈ توڑنا اور ایک میل کا فاصلہ 4 منٹ 30 سیکنڈ سے کم وقت میں مکمل کرنا تھا۔ تاہم ان کی 4 منٹ 17 سیکنڈ کی شاندار کارکردگی نے انہیں ممکنہ عالمی ریکارڈ کے قریب پہنچا دیا ہے۔
اسٹرولر کو دھکیلتے ہوئے تیز ترین ایک میل دوڑنے کا موجودہ ریکارڈ سِیلاس فرانٹز کے پاس ہے، جنہوں نے جون 2025 میں یہ فاصلہ 4 منٹ 26.29 سیکنڈ میں مکمل کیا تھا۔ اگر اسٹیفن کا وقت باضابطہ طور پر تسلیم کرلیا جاتا ہے تو وہ موجودہ ریکارڈ سے تقریباً 9 سیکنڈ بہتر وقت کے ساتھ نیا عالمی ریکارڈ قائم کرسکتے ہیں۔
اسٹیفن کے مطابق مزید تربیت کے بعد وہ اپنے موجودہ وقت کو مزید بہتر بنانے کی کوشش بھی کریں گے۔ تاہم انہیں عالمی ریکارڈ ہولڈر قرار دینے کے لیے گینیز ورلڈ ریکارڈز کی باضابطہ تصدیق ضروری ہے، جس کا فی الحال انتظار کیا جا رہا ہے۔