سردار عتیق کو شکست دینے والے ساجد عباسی کاسیاسی مستقبل سے متعلق بڑا اعلان

سردار عتیق کو شکست دینے والے ساجد عباسی کاسیاسی مستقبل سے متعلق بڑا اعلان

آزاد کشمیر کے حلقہ غربی باغ سے نومنتخب رکن قانون ساز اسمبلی اور جموں و کشمیر عوامی دست و بازو کے چیئرمین سردار ساجد اقبال عباسی نے مسلم لیگ ن کے ساتھ اتحاد کا اعلان کر دیا۔

سردار ساجد اقبال عباسی نے حالیہ آزاد کشمیر انتخابات میں سابق وزیراعظم آزاد کشمیر اور مسلم کانفرنس کے سربراہ سردار عتیق احمد خان کو تقریباً 21 ہزار ووٹوں کی واضح برتری سے شکست دی تھی، ان کی کامیابی کو حلقہ غربی باغ کی سیاست میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

انتخابی کامیابی کے بعد آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے معاملے پر ساجد اقبال عباسی کی سیاسی حمایت خاص اہمیت اختیار کر گئی تھی مسلم لیگ ن کو قانون ساز اسمبلی میں دو تہائی اکثریت کے حصول کے لیے ان کی حمایت درکار تھی، جس کے بعد ان کے ساتھ رابطے اور مشاورت کا سلسلہ جاری تھا۔

ن لیگ سے باضابطہ اتحاد

مسلم لیگ ن کی مرکزی اور آزاد کشمیر کی علاقائی قیادت کی موجودگی میں ہونے والی ملاقات کے دوران سردار ساجد اقبال عباسی نے اپنی جماعت کے مسلم لیگ ن کے ساتھ اتحاد کا باضابطہ اعلان کیا۔

یہ بھی پڑھیں :سردار عتیق کو شکست دینے والے ساجدعباسی کو ن لیگ نےبڑی پیشکش کر دی

ملاقات میں وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام، مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما رانا ثناء اللہ اور مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر بھی شریک تھے۔

تعمیر و ترقی کا ویژن

اس موقع پر سردار ساجد اقبال عباسی کا کہنا تھا کہ وہ مسلم لیگ ن کے تعمیر و ترقی کے ویژن سے متاثر ہو کر اس اتحاد کا فیصلہ کر رہے ہیں ، آزاد کشمیر کی مجموعی ترقی کے لیے سیاسی تعاون کو آگے بڑھانا ضروری ہے۔

مسلم لیگ ن کی قیادت نے بھی سردار ساجد اقبال عباسی اور ان کی جماعت کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی، سیاسی حلقوں کے مطابق اس اتحاد سے آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے لیے مسلم لیگ ن کی پوزیشن مزید مضبوط ہونے کا امکان ہے۔

editor

Related Articles