ٹریفک چالان جمع نہ کرانے والوں کے شناختی کارڈ، پاسپورٹ اور لائسنس بلاک کرنے کی تجویز

ٹریفک چالان جمع نہ کرانے والوں کے شناختی کارڈ، پاسپورٹ اور لائسنس بلاک کرنے کی تجویز

ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر جاری ہونے والے ڈیجیٹل چالان کی عدم ادائیگی پر شہریوں کے لیے مختلف سرکاری سہولیات روکنے کی تجویز سامنے آگئی۔

چیف ٹریفک آفیسر لاہور عبدالرحیم شیرازی نے ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب کو خط لکھ کر ڈیجیٹل چالان کے نادہندگان کے خلاف سخت اقدامات کی سفارش کی ہے۔

خط میں تجویز دی گئی ہے کہ ٹریفک وارڈنز کی جانب سے جاری کیے گئے ڈیجیٹل چالان ادا نہ کرنے والوں پر بھی وہی پابندیاں عائد کی جائیں جو پہلے سے ای چالان کے نادہندگان پر لاگو ہیں۔

شناختی کارڈ،پاسپورٹ سہولت روکنے کی تجویز

تجویز کے مطابق ڈیجیٹل چالان ادا نہ کرنے والے شہریوں کو شناختی کارڈ کے اجرا، پاسپورٹ کی پراسیسنگ اور ڈرائیونگ لائسنس سے متعلق خدمات فراہم نہ کی جائیں،اس کے علاوہ خدمت مراکز سے کریکٹر سرٹیفکیٹ اور کرایہ داری رجسٹریشن کی سہولت بھی چالان کی ادائیگی تک روکنے کی سفارش کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں :خبردار: ای چالان کے حوالے سے ٹریفک پولیس اہم ہدایات جاری کردیں

ڈومیسائل اور پیدائش سرٹیفکیٹ

چیف ٹریفک آفیسر نے مزید سفارش کی ہے کہ ڈیجیٹل چالان کے نادہندگان کو گاڑی کی تصدیق، ڈومیسائل اور پیدائش کے سرٹیفکیٹ بھی اس وقت تک جاری نہ کیے جائیں جب تک وہ اپنے واجب الادا چالان ادا نہیں کرتے۔

نادرا سے ریکارڈ منسلک کرنے کی سفارش

خط میں ڈیجیٹل چالان کا ریکارڈ نادرا سے منسلک کرنے کی بھی سفارش کی گئی ہے، میڈیا رپورٹس کے مطابق اس وقت ون ایپ پر صرف ای چالانز کی تعداد ظاہر ہوتی ہے جبکہ ڈیجیٹل چالانز کی مکمل تفصیلات دستیاب نہیں، جس کے باعث واجبات کی وصولی میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔

چالان وصولی کا عمل مؤثر بنانے پر زور

چیف ٹریفک آفیسر کے مطابق ون ایپ میں زیر التوا ڈیجیٹل چالانز کی مکمل تفصیلات شامل کرکے انہیں نادرا سے منسلک کرنے سے نادہندگان کا ریکارڈ مرکزی سطح پر دستیاب ہوگا اور چالان کی وصولی کا عمل مؤثر بنایا جاسکے گا۔

خط میں کہا گیا ہے کہ ڈیجیٹل چالانز کو نادرا سے منسلک کرکے نادہندگان کی سرکاری سہولیات محدود کرنے سے ریونیو میں اضافہ اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد مزید مؤثر بنانے میں مدد ملے گی۔

editor

Related Articles