خبردار: ای چالان کے حوالے سے ٹریفک پولیس اہم ہدایات جاری کردیں

خبردار: ای چالان کے حوالے سے ٹریفک پولیس  اہم ہدایات جاری کردیں

اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہریوں کو جعلی ای چالان کے نام پر بھیجے جانے والے فراڈ پیغامات سے محتاط رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ایسے ایس ایم ایس یا واٹس ایپ پیغامات میں موجود کسی بھی لنک پر ہرگز کلک نہ کریں۔

ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری کردہ ایک اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ حالیہ دنوں میں سائبر فراڈ میں ملوث عناصر شہریوں کو جعلی ای چالان کے پیغامات بھیج کر دھوکا دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ پولیس کے مطابق ان جعلی پیغامات کا مقصد شہریوں کو مشکوک ویب سائٹس پر لے جانا یا ان سے ذاتی اور مالی معلومات حاصل کرنا ہوتا ہے، جس کے ذریعے انہیں مالی نقصان پہنچایا جا سکتا ہے۔

اعلامیے میں شہریوں کو واضح طور پر ہدایت کی گئی ہے کہ ایسے کسی بھی پیغام پر اعتماد نہ کریں اور نہ ہی اس میں موجود کسی لنک کو استعمال کریں۔ ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ فراڈ کرنے والے مختلف طریقوں سے شہریوں کو اپنی باتوں میں الجھانے کی کوشش کرتے ہیں، اس لیے ہر موصول ہونے والے ای چالان کے پیغام کو مستند سمجھنے کے بجائے اس کی تصدیق کرنا ضروری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کالعدم ایکشن کمیٹی کے مسلح افراد نے اہلکاروں کو یرغمال بنایا، پولیس پر اندھا دھند فائرنگ کی، زخمی پولیس اہلکار کا بیان

اسلام آباد ٹریفک پولیس نے مزید ہدایت کی ہے کہ اگر کسی شہری کو مشکوک یا جعلی ای چالان کا پیغام موصول ہو تو وہ فوری طور پر اسلام آباد پولیس یا ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ کو اس کی اطلاع دے۔ پولیس کے مطابق اس طرح کی بروقت اطلاع سے ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائی کرنے میں مدد مل سکتی ہے اور سائبر فراڈ کی روک تھام کے اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جا سکتا ہے۔

پولیس نے اس بات کی بھی وضاحت کی ہے کہ ای چالان کی تصدیق صرف اسلام آباد پولیس کی سرکاری ویب سائٹ پر جا کر کی جائے۔ اعلامیے میں زور دیا گیا ہے کہ شہری کسی بھی غیر مصدقہ ویب سائٹ، مشکوک لنک یا سوشل میڈیا کے ذریعے موصول ہونے والے پیغامات پر انحصار نہ کریں، کیونکہ ایسے ذرائع سائبر فراڈ کا سبب بن سکتے ہیں۔

Related Articles