کوسوو سے تعلق رکھنے والے 56 سالہ ریاضی کے استاد اور فٹبال کے شوقین اگیم آگوشی نے ایک منفرد انداز میں گینیز ورلڈ ریکارڈ قائم کرلیا۔
اگیم آگوشی نے فٹبال کو مسلسل سر پر اچھالتے ہوئے ایک کے بعد ایک 17 ٹی شرٹس پہننے کا حیران کن کارنامہ انجام دیا۔ اس دوران انہوں نے گیند کو اپنے سر سے مسلسل کنٹرول میں رکھا اور ریکارڈ مکمل کیا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اس سے قبل بھی یہی ریکارڈ اگیم آگوشی کے نام تھا، جب انہوں نے 14 ٹی شرٹس پہن کر ریکارڈ قائم کیا تھا۔ اس بار انہوں نے اپنے ہی ریکارڈ کو بہتر بنا دیا۔
اگوشی کے مطابق اس ریکارڈ کی تعداد بھی خاص مقصد کے تحت منتخب کی گئی۔ انہوں نے 17 ٹی شرٹس اس لیے پہنیں کیونکہ 17 فروری کو کوسوو کا یوم آزادی منایا جاتا ہے۔ فٹبال سے غیر معمولی مہارت رکھنے والے اگیم آگوشی اس سے پہلے بھی گینیز ورلڈ ریکارڈز میں اپنا نام درج کرا چکے ہیں۔
ان کے سابقہ ریکارڈز میں سر پر فٹبال کنٹرول کرتے ہوئے 28 ٹی شرٹس اتارنا، ٹی شرٹ پہننے اور اتارنے کا عمل 164 مرتبہ دہرانا اور دو افراد کے درمیان 34 منٹ اور ایک سیکنڈ تک سر سے فٹبال اچھالنا شامل ہے۔ 56 سال کی عمر میں اگیم آگوشی کا یہ نیا کارنامہ ثابت کرتا ہے کہ شوق، مہارت اور مسلسل مشق کے سامنے عمر بھی رکاوٹ نہیں بنتی۔