بیرون ملک نوکری کی تصدیق کا آسان طریقہ سامنے آگیا

بیرون ملک نوکری کی تصدیق کا آسان طریقہ سامنے آگیا

پاکستان میں نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد بہتر روزگار اور معاشی مواقع کے حصول کے لیے بیرون ملک ملازمت کی خواہش رکھتی ہے، تاہم بیرون ملک نوکری دلانے کے نام پر جعلی ایجنٹوں اور فراڈیوں کی جانب سے شہریوں کو نشانہ بنائے جانے کے واقعات بھی سامنے آتے رہتے ہیں۔

ایسے پاکستانی جو بیرون ملک ملازمت کے خواہشمند ہیں، انہیں کسی بھی ریکروٹنگ ایجنسی یا ایجنٹ کو رقم دینے سے قبل متعلقہ ملازمت اور ایجنسی کی سرکاری سطح پر تصدیق کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

بیورو آف ایمیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ (BEOE) کی ویب سائٹ پر بیرون ملک ملازمتوں کی متعدد خالی آسامیوں کی تفصیلات دستیاب ہوتی ہیں، جہاں امیدوار ریکروٹنگ ایجنسیوں کی جانب سے پیش کی جانے والی ملازمتوں کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے ساتھ ان کی تصدیق بھی کرسکتے ہیں۔

بیرون ملک نوکری کی تصدیق کیسے کی جائے؟

پروٹیکٹر آف ایمیگرنٹس کسی لائسنس یافتہ ریکروٹنگ ایجنسی کو متعلقہ آجر کی جانب سے فراہم کردہ تصدیق شدہ دستاویزات کی جانچ پڑتال کے بعد مخصوص مدت کے لیے بھرتی کی اجازت جاری کرتا ہے۔

متعلقہ دستاویزات پاکستان میں مقررہ اداروں، جن میں متعلقہ ملک کا سفارتخانہ، پاکستانی سفارتخانہ یا متعلقہ ملک کی وزارت خارجہ شامل ہوسکتی ہے، سے تصدیق شدہ ہوتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بیرون ملک مقیم امریکی شہریوں کے لیے پاسپورٹ تجدید کی اہم سہولت متعارف

ہر بھرتی کی اجازت کا ایک منفرد Permission Number ہوتا ہے، جس کا متعلقہ ملازمت کے اشتہار میں درج ہونا ضروری ہے۔ اجازت جاری ہونے کے بعد ان آسامیوں کی تفصیلات مخصوص مدت کے لیے بیورو آف ایمیگریشن کی ویب سائٹ پر Permission Tracking Number (PTN) کے تحت ظاہر ہوتی ہیں۔

مقررہ مدت ختم ہونے یا بھرتی کا عمل مکمل ہونے کے بعد متعلقہ آسامیاں خودکار طور پر پورٹل سے ہٹا دی جاتی ہیں۔

جعلی ایجنٹوں سے کیسے بچا جائے؟

بیرون ملک ملازمت کے خواہشمند افراد کو کسی بھی ایجنٹ یا ریکروٹنگ ایجنسی کو رقم دینے سے پہلے اس کی لائسنس یافتہ حیثیت کی تصدیق کرنی چاہیے۔ اس کے ساتھ ساتھ متعلقہ ملازمت کے Permission Number اور دیگر تفصیلات بھی سرکاری ریکارڈ سے چیک کرنا ضروری ہے۔

سرکاری طریقہ کار کے تحت ان آسامیوں کے ذریعے بھرتی کیے گئے افراد کی ملازمت سے متعلق ذمہ داری متعلقہ ریکروٹنگ ایجنسی پر عائد ہوتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بیرونِ ملک نئی زندگی کا خواب؟ کم خرچ اور بہتر زندگی کیلئے 5 بہترین ممالک سامنے آگئے

کسی شکایت یا مسئلے کی صورت میں امیدوار بیورو آف ایمیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ یا متعلقہ پروٹیکٹر آف ایمیگرنٹس سے رجوع کرسکتے ہیں۔

بیرون ملک دستیاب ملازمتوں کی تفصیلات، ریکروٹنگ ایجنسی اور جاب پرمیشن کی تصدیق کے لیے امیدوار BEOE کے Foreign Jobs Portal سے استفادہ کرسکتے ہیں۔ کسی بھی ایجنٹ کو رقم دینے سے قبل سرکاری ریکارڈ سے ملازمت کی تصدیق کرنا فراڈ سے بچنے کا اہم ذریعہ ثابت ہوسکتا ہے۔

Related Articles