بیرونِ ملک نئی زندگی کا خواب؟ کم خرچ اور بہتر زندگی کیلئے 5 بہترین ممالک سامنے آگئے

بیرونِ ملک نئی زندگی کا خواب؟ کم خرچ اور بہتر زندگی کیلئے 5 بہترین ممالک سامنے آگئے

بیرونِ ملک جا کر نئی زندگی شروع کرنے کا خواب دیکھنے والوں کیلئے اچھی خبر آگئی، بہت سے افراد ایسا ملک چاہتے ہیں جہاں اخراجات قابو میں ہوں، لوگ خوش اخلاق ہوں اور روزمرہ زندگی نسبتاً پرسکون گزرے۔

ایسے ہی عوامل کو سامنے رکھتے ہوئے 2026 کے لیے تارکینِ وطن کے بہترین ممالک کی فہرست سامنے آگئی ہے، جس میں پاناما نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

عالمی ریسرچ پروجیکٹ ’انٹر نیشنز‘ کے سروے میں تارکینِ وطن کی آرا کی بنیاد پر 31 ممالک کا مختلف پیمانوں پر جائزہ لیا گیا۔ ان میں معیارِ زندگی، رہائش، روزگار، آمدنی، سکیورٹی، مقامی لوگوں کا رویہ اور معاشرے میں گھلنے ملنے کے مواقع شامل تھے۔

مجموعی درجہ بندی میں پاناما پہلے، میکسیکو دوسرے، تھائی لینڈ تیسرے، متحدہ عرب امارات چوتھے اور برازیل پانچویں نمبر پر رہا۔

پاناما: پرسکون زندگی اور کم اخراجات کی بدولت پہلے نمبر پر

پاناما نے مسلسل تیسرے سال تارکینِ وطن کے لیے پہلی پوزیشن حاصل کی،  سروے میں 87 فیصد افراد نے یہاں اپنی زندگی سے اطمینان کا اظہار کیا، جبکہ 90 فیصد نے رہائش تلاش کرنے کے عمل کو آسان قرار دیا۔

ارجنٹینا سے پاناما منتقل ہونے والے ایریل باریونووو کے مطابق یہاں کی پرسکون زندگی اور نسبتاً کم اخراجات نے انہیں خاص طور پر متاثر کیا،  پاناما میں زندگی کی رفتار تیز دوڑ کے بجائے سکون، فطرت اور ذاتی وقت کے گرد گھومتی ہے۔

دوسری جانب کینیڈا سے پاناما منتقل ہونے والی رضا مطلب پور نے قابلِ اعتماد انٹرنیٹ، آسان بینکاری اور نسبتاً مناسب یوٹیلٹی اخراجات کو بھی اس ملک کی بڑی خوبی قرار دیا۔

میکسیکو: نئے لوگوں کیلئے دوست بنانا آسان

فہرست میں میکسیکو دوسرے نمبر پر موجود ہے ، اس نئے ماحول میں گھلنے ملنے کے حوالے سے اسے سب سے بہتر ملک قرار دیا گیا،  سروے کے مطابق 73 فیصد تارکینِ وطن کا کہنا تھا کہ مقامی دوست بنانا آسان ہے۔

میکسیکو میں مقیم کرسٹن راکوئیا کے مطابق مضبوط کمیونٹی اور کم اخراجات نے انہیں یہاں قیام جاری رکھنے پر آمادہ کیا، ان کے مطابق روزمرہ خوراک سے لے کر طبی سہولتوں تک کئی اخراجات امریکا کے مقابلے میں خاصے کم ہیں۔

یہ بھی پڑھیں :ایک کارڈ کے ذریعے بیرون ملک جانے کیلئے 10 لاکھ روپے تک بلاسود قرض، اہلیت اور طریقہ کار جانیے

تاہم ہر پہلو میں میکسیکو آگے نہیں رہا کیونکہ سکیورٹی کے معاملے میں یہ 31 ممالک میں 25 ویں نمبر پر رہا، جو بیرونِ ملک منتقل ہونے والے افراد کے لیے ایک اہم پہلو سمجھا جاتا ہے۔

تھائی لینڈ: خوشی اور کم خرچ کا امتزاج

اس فہرست میں تھائی لینڈ نے مجموعی درجہ بندی میں تیسری پوزیشن حاصل کی، تاہم تارکینِ وطن کی خوشی کے لحاظ سے اسے سب سے زیادہ اسکور حاصل کرنے میں کامیاب رہی ، سروے میں 86 فیصد افراد نے بیرونِ ملک اپنی زندگی سے اطمینان کا اظہار کیا۔

برطانیہ سے تھائی لینڈ منتقل ہونے والی بیتھن جینتی پراپھیٹ کا کہنا تھا کہ انہوں نے ابتدا میں صرف ایک سال رہنے کا منصوبہ بنایا تھا، لیکن چند ہی ہفتوں میں انہیں محسوس ہوا کہ وہ مستقل طور پر یہاں رہ سکتی ہیں۔

امریکا سے کئی برس قبل تھائی لینڈ منتقل ہونے والے آرون ہنری کے مطابق بینکاک نے جدید ترقی کے باوجود اپنی ثقافتی شناخت برقرار رکھی ہے، یہ ملک  نئے آنے والوں کو مقامی روایات اور سماجی اصولوں کا احترام کرنا چاہیے تاکہ وہ معاشرے کا حصہ بن سکیں۔

متحدہ عرب امارات : استحکام اور محفوظ مستقبل

متحدہ عرب امارات نے 2026 کی اس فہرست میں چوتھی پوزیشن حاصل کی ہے جہاں تارکینِ وطن کے لیے دوستانہ ماحول، استحکام اور سکیورٹی اسے اب بھی ایک پرکشش منزل بناتے ہیں۔

لندن سے دبئی منتقل ہونے والی نکیتا اوروگنٹی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ  بیرونِ ملک رہنے والوں کے لیے حکومتی نظام پر اعتماد، استحکام اور سکیورٹی خاص اہمیت رکھتے ہیں ، یہی عوامل انہیں متحدہ عرب امارات میں رہنے کے فیصلے پر مطمئن کرتے ہیں۔

رأس الخیمہ میں مقیم برطانوی شہری شیرون مک کیرنان نے نسبتاً پرسکون طرزِ زندگی کو سراہتے کہا کہ کم ٹریفک اور روزمرہ زندگی کے نسبتاً کم مسائل خاندان کے ساتھ وقت گزارنے کے مواقع بڑھاتے ہیں۔

برازیل: پہلی بار پانچویں پوزیشن پر آگیا

برازیل پہلی مرتبہ اس فہرست میں شامل ہوتے ہوئے مجموعی طور پر پانچویں پوزیشن پر آگیا ،  ملک نے خوشی، دوستانہ ماحول، مقامی لوگوں کے رویے اور ثقافت کے شعبوں میں نمایاں اسکور حاصل کیا۔

بارباڈوس سے ساؤ پاؤلو منتقل ہونے والے کلنٹ میننگ کے مطابق برازیل کے لوگوں کی گرمجوشی نئے آنے والوں کو جلد اپنائیت کا احساس دلاتی ہے ،  ایک اور تارکِ وطن کا کہنا تھا کہ انہیں برازیلی معاشرے میں اجنبیت کے بجائے اپنے پن کا احساس ملا۔

صرف کم خرچ نہیں، زندگی کا مجموعی معیاربھی بہتر ہونا ضروری 

اس سروے کے نتائج واضح کرتے ہیں کہ بیرونِ ملک منتقل ہونے کے لیے بہترین ملک وہی نہیں جہاں صرف آمدنی زیادہ ہو بلکہ کم لاگتِ زندگی، رہائش کی آسانی، صحت اور ڈیجیٹل سہولتیں، سیکیورٹی، مقامی لوگوں کا رویہ اور سماج میں گھلنے ملنے کے مواقع بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

اسی وجہ سے پاناما، میکسیکو، تھائی لینڈ، متحدہ عرب امارات اور برازیل 2026 میں تارکینِ وطن کے لیے نمایاں ترین مقامات بن کر سامنے آئے ہیں تاہم کسی بھی ملک منتقل ہونے سے پہلے ویزا، روزگار، ٹیکس، رہائش اور قانونی تقاضوں کے بارے میں آگاہی بھی ضروری ہے۔

editor

Related Articles