سرکاری ملازمین کے جنرل پروویڈنٹ فنڈ (جی پی فنڈ) کے منافع کی شرح میں کمی کردی گئی، جس کا اطلاق یکم جولائی 2025 سے شروع ہونے والے مالی سال کے لیے ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے مالی سال 2025-26 کے لیے جنرل پروویڈنٹ فنڈ (جی پی ایف) کی سبسکرپشنز اور بیلنس پر منافع کی شرح میں 41 بیسس پوائنٹس یعنی 0.41 فیصد کمی کردی ہے، جس کے بعد نئی شرح 12.05 فیصد مقرر کی گئی ہے۔
اس فیصلے سے وفاقی ملازمین کے ریٹائرمنٹ فنڈ پر ملنے والے منافع پر براہِ راست اثر پڑے گا۔
وزارت خزانہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ نئی شرح کا اطلاق یکم جولائی 2025 سے شروع ہونے والے مالی سال کے لیے ہوگا۔
یاد رہے کہ مالی سال 2024-25 کے لیے جی پی فنڈ پر منافع کی شرح 12.46 فیصد تھی، جسے 10 ستمبر 2025 کے نوٹیفکیشن کے ذریعے مقرر کیا گیا تھا۔
جنرل پروویڈنٹ فنڈ وفاقی ملازمین کی طویل المدتی بچت کا نظام ہے، جس میں ہر ماہ ان کی تنخواہوں سے مقررہ کٹوتی کرکے رقم جمع کی جاتی ہے اور حکومت اس پر سالانہ منافع ادا کرتی ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق وزارت دفاع اور وزارت ریلوے کے تحت چلنے والے مختلف پروویڈنٹ فنڈز کے لیے منافع کی شرح سے متعلق علیحدہ ہدایات متعلقہ وزارتیں خود جاری کریں گی۔