بیورو آف ایمیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ نے بیرونِ ملک ملازمت کے لیے جانے والے پاکستانی شہریوں کی سہولت کے لیے ’’ای پروٹیکٹر‘‘(e-Protector) رجسٹریشن کا جدید ڈیجیٹل نظام متعارف کرا دیا۔
نئے نظام کے تحت درخواست گزار موبائل فون یا کمپیوٹر کے ذریعے گھر بیٹھے اپنی درخواست جمع کرا سکتے ہیں، ضروری دستاویزات اپ لوڈ کرنے کے ساتھ ساتھ رجسٹریشن کی پیش رفت بھی آن لائن چیک کرسکتے ہیں۔
ڈیجیٹل نظام کے ذریعے بالخصوص دور دراز علاقوں کے شہریوں کے سفری اخراجات، وقت اور غیر ضروری دفتری چکروں میں کمی آئے گی جبکہ رجسٹریشن اور پروسیسنگ کا عمل زیادہ شفاف اور تیز تر ہوگا۔
حکام کے مطابق پروٹیکٹر رجسٹریشن صرف ایک رسمی کارروائی نہیں بلکہ قانونی اور محفوظ روزگار کا اہم ضامن ہے۔ اس عمل کے دوران ویزے، ایمپلائمنٹ کنٹریکٹ اور آجر کے ریکارڈ کی مکمل جانچ کی جاتی ہے۔
حکام کے مطابق اس عمل سے بیرونِ ملک موجود پاکستانی سفارت خانوں اور کمیونٹی ویلفیئر اٹیچیز کو ضرورت کے وقت کارکن کی معاونت میں بھی آسانی ہوتی ہے۔
درخواست گزاروں کے لیے اہم ہدایات
درخواست جمع کراتے وقت شہری صرف اپنا ذاتی اور درست موبائل نمبر اور ای میل استعمال کریں۔
پاسپورٹ، شناختی کارڈ، ویزا اور ایمپلائمنٹ کنٹریکٹ کی واضح نقول اپ لوڈ کی جائیں۔
ٹریکنگ آئی ڈی، فیس کی رسید اور منظور شدہ سرٹیفکیٹ کا ریکارڈ محفوظ رکھا جائے۔
کسی بھی غیر مجاز ایجنٹ کو اپنے اصل دستاویزات، پاس ورڈ یا او ٹی پی ہرگز نہ دیا جائے۔
ترجمان نے خبردار کیا ہے کہ وزٹ ویزے پر کام کرنا یا پروٹیکٹر رجسٹریشن کے بغیر بیرونِ ملک جانا شدید قانونی، مالی اور حفاظتی خطرات کا باعث بن سکتا ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ روانگی سے قبل اپنے تمام قانونی مراحل خود مکمل اور تصدیق کریں۔