پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے سینئر رہنما منظور وسان نے پیشگوئی کی ہے کہ موجودہ سیاسی حالات میں عمران خان کے لیے اچھے دن نظر نہیں آرہے۔ انہوں نے جمعیت علمائے اسلام کی احتجاجی تحریک کے امکانات پر بھی شکوک کا اظہار کیا ہے۔
کراچی میں پارٹی کارکنوں اور دیگر افراد سے ملاقات کے دوران منظور وسان نے ملکی سیاست، نئے صوبوں کے قیام، خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر گفتگو کی ۔
منظور وسان نے کہا کہ موجودہ سیاسی حالات میں انہیں عمران خان کے لیے اچھے دن دکھائی نہیں دے رہے۔ انہوں نے کہا کہ دیگر سیاسی جماعتوں کے لیے بھی حالات زیادہ سازگار نظر نہیں آتے۔
یہ بھی پڑھیں :9 مئی بانی پی ٹی آئی اور فیض حمید کا جوائنٹ وینچر تھا، خواجہ آصف
پیپلز پارٹی رہنما نے جے یو آئی کی احتجاجی تحریک کے حوالے سے بھی سوال اٹھائے۔ ان کے مطابق اگر جمعیت علمائے اسلام نے احتجاج کرنا ہوتا تو اب تک اس کا آغاز ہوچکا ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ احتجاجی تحریک شروع کرنے میں مزید تاخیر سے اس کے امکانات کے بارے میں سوالات پیدا ہوتے ہیں۔ تاہم انہوں نے یہ امکان بھی رد نہیں کیا کہ جماعت مستقبل میں احتجاج کا فیصلہ کرسکتی ہے۔
پیپلز پارٹی رہنما نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے عوام پر اثرات کی نشاندہی بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرول مہنگا ہونے سے ضروری اشیائے خورونوش سمیت دوسری اشیا کی قیمتیں بھی بڑھ جاتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں :وفاق پر چڑھ دوڑنے ،لڑنے کٹنے اور مرنے پر اکسانے والا پی ٹی آئی کا ڈرپوک لیڈر اقبال آفریدی افغانستان فرار ہوگیا


