آپ نے گوگل پر چیٹ جی پی ٹی لکھا، سب سے اوپر نظر آنے والے نتیجے پر کلک کیا اور سامنے وہی جانی پہچانی ویب سائٹ کھل گئی بظاہر سب کچھ ٹھیک ہے، مگر سائبر ماہرین کے مطابق یہی لمحہ ایک نئے فراڈ کا آغاز ہو سکتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق مجرمان گوگل کے اسپانسرڈ اشتہار کو دروازے کے طور پر استعمال کر رہے ہیں ، یہ اشتہار صارف کو چیٹ جی پی ٹی کی اصل ویب سائٹ پر لے جاتا ہے، لیکن وہاں ایک جعلی Custom GPT پہلے سے موجود ہوتا ہے۔ آپ کوئی بھی سوال پوچھیں، جواب میں ایک ہی تیار شدہ پیغام سامنے آتا ہے۔
پیغام میں کیا لکھا ہوتا ہے؟
اس پیغام میں بتایا جاتا ہے کہ مرکزی ڈومین پر سروس کی دستیابی محدود ہو گئی ہے۔ آگے دو راستے دکھائے جاتے ہیں ، چیٹ جی پی ٹی پلس پر اپ گریڈ کریں یا کسی متبادل ڈومین پر چلے جائیں ، جعلی کسٹم جی پی ٹی کا نام “پلس 5.6” رکھا گیا ہے، جو عام صارف کو کسی نئے ماڈل یا خصوصی فیچر جیسا لگ سکتا ہے۔
اس دھوکے کی سب سے خطرناک بات یہ ہے کہ صارف اصل چیٹ جی پی ٹی ڈومین پر ہی موجود ہوتا ہے۔ اگر وہ پہلے سے لاگ اِن ہو تو اس کا اکاؤنٹ بھی ویسا ہی دکھائی دیتا ہے ، ایسے میں شک کرنے کی کوئی ظاہری وجہ نظر نہیں آتی۔
اصل خطرہ کہاں ہے؟
ماہرین کے مطابق نقصان اس وقت ہوتا ہے جب صارف جعلی بیک اپ ڈومین یا پیغام میں دیے گئے کسی دوسرے لنک پر کلک کر دیتا ہے، ایسے لنکس نقصان دہ ویب سائٹس پر لے جا سکتے ہیں، جہاں کمپیوٹر میں میلویئر انسٹال ہو سکتا ہے یا حساس معلومات چوری ہو سکتی ہیں۔
بچاؤ کے لیے کیا کریں؟
گوگل پر نظر آنے والے اسپانسرڈ نتائج پر آنکھ بند کر کے بھروسا نہ کریں۔
“Service Availability Notice” جیسے غیر متوقع پیغامات میں دیے گئے لنکس پر کلک نہ کریں۔
کوئی بھی سافٹ ویئر یا فائل نامعلوم ویب سائٹ سے ڈاؤن لوڈ نہ کریں۔