اگر آپ کی انسٹاگرام ریلز پر ویوز نہیں آرہے یا آپ کی ویڈیوز زیادہ لوگوں تک نہیں پہنچ رہیں تو میٹا نے اس مسئلے کے حل کے لیے ایک نیا اے آئی ٹول متعارف کرا دیا ہے۔
میٹا نے انسٹاگرام سے منسلک ویڈیو ایڈیٹنگ ایپ ایڈٹس میں ایڈٹ اسسٹنٹ کے نام سے نیا مصنوعی ذہانت کا فیچر پیش کیا ہے، جو مواد تخلیق کرنے والوں کو اپنی ویڈیوز کی کارکردگی بہتر بنانے میں مدد فراہم کرے گا۔
یہ اے آئی اسسٹنٹ صارفین کی ویڈیوز، ناظرین کے ردعمل، کارکردگی کے اعداد و شمار اور انسٹاگرام کے ٹرینڈز کا تجزیہ کرکے مواد سے متعلق تجاویز دے سکے گا۔
ایڈٹ اسسٹنٹ کے ذریعے صارفین یہ جان سکیں گے کہ ان کی کون سی ریلز بہتر کارکردگی دکھا رہی ہے اور کون سی ویڈیوز مطلوبہ توجہ حاصل نہیں کر رہیں۔
صارفین اس ٹول سے اپنی انسٹاگرام پروفائل کا تجزیہ کرنے کے لیے بھی کہہ سکیں گے۔ اس کے بعد اے آئی ایسے پہلوؤں کی نشاندہی کرے گا جنہیں بہتر بنا کر مواد کو زیادہ مؤثر بنایا جا سکتا ہے۔اس کے علاوہ یہ ٹول ویڈیوز کے لیے نئے آئیڈیاز، دل چسپ کیپشنز، اسکرپٹس اور آڈیو سے متعلق تجاویز بھی فراہم کر سکے گا۔
انسٹاگرام ایڈٹ اسسٹنٹ استعمال کرنے کا طریقہ
اس نئے فیچر کو استعمال کرنے کے لیے صارفین کو ایڈٹس ایپ کھول کر نیچے دائیں جانب موجود نیو چیٹ (New Chat) بٹن پر کلک کرنا ہوگا۔ اس کے بعد وہ اے آئی اسسٹنٹ سے اپنی ویڈیوز کی کارکردگی، مواد کے آئیڈیاز اور پروفائل میں بہتری سے متعلق سوالات پوچھ سکیں گے۔
مثال کے طور پر صارف پوچھ سکتا ہے کہ ایک ریل پر زیادہ ویوز کیوں آرہے ہیں، جبکہ دوسری ویڈیو ناظرین کی توجہ حاصل کرنے میں کیوں ناکام ہو رہی ہے۔
انسٹاگرام کے اس اے آئی اسسٹنٹ کی آزمائش پہلے محدود صارفین کے ساتھ کی جا رہی تھی۔ اب اسے مرحلہ وار متعارف کرانے کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے اور مزید صارفین کو اس تک رسائی دی جائے گی۔
تاہم، میٹا کی سروسز مفت استعمال کرنے والے صارفین کے لیے تحریری ہدایات کی تعداد محدود ہو سکتی ہے۔ یہ ٹول مواد تخلیق کرنے والوں کو اپنی ویڈیوز کی کارکردگی سمجھنے اور نئے آئیڈیاز تلاش کرنے میں مدد دے سکتا ہے، تاہم زیادہ ویوز یا وائرل ہونے کی ضمانت نہیں دیتا۔