’سوشل میڈیا پر خیبر پختونخوا میں تبدیلی اور احتساب کی گونج: ’اب بدلے گا خیبر پختونخوا‘ اور ’پختونخوا میں احتساب کرو‘ کے ہیش ٹیگز ٹاپ ٹرینڈز بن گئے

’سوشل میڈیا پر خیبر پختونخوا میں تبدیلی اور احتساب کی گونج: ’اب بدلے گا خیبر پختونخوا‘ اور ’پختونخوا میں احتساب کرو‘ کے ہیش ٹیگز ٹاپ ٹرینڈز بن گئے

خیبر پختونخوا میں حالیہ انتظامی اور سیاسی تبدیلیوں کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ’اب بدلے گا خیبر پختونخوا‘ اور ’پختونخوا میں احتساب کرو‘ کے ہیش ٹیگز سرفہرست ٹرینڈز بن گئے ہیں۔

سوشل میڈیا کے مقبول ترین پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر خیبر پختونخوا کے موجودہ حالات اور سیاسی منظر نامے کے حوالے سے صارفین کا شدید ردعمل دیکھنے میں آ رہا ہے۔

پاکستان میں ٹرینڈنگ پینل پر نمایاں ترین ہیش ٹیگز میں پہلے نمبر پر ’اب بدلے گا خیبرپختونخوا‘ اور دوسرے نمبر پر ’ پختونخوا میں احتساب کرو‘ کے ہیش ٹیگ مسلسل ٹاپ ٹرینڈ کر رہے ہیں۔

صارفین ان ہیش ٹیگز کے ذریعے صوبے میں بلاامتیاز احتساب، گورننس کی بہتری  اور بدامنی کے خاتمے کا زوردار مطالبہ کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:قومی وسائل کی لوٹ مار میں ملوث پی ٹی آئی کا خیبر پختونخوا کی معدنیات سے متعلق جھوٹا پروپیگنڈا بھی بے نقاب

اس مہم کے ساتھ ساتھ دیگر اہم ہیش ٹیگز بشمول ’ شجاعت کاپیکرعاصم منیر‘، ’ پاک فوج ہماری شان‘، اور ’ قوم کی امید عاصم منیر‘ کے ہیش ٹیگ بھی ٹرینڈز کی فہرست میں شامل ہیں۔

صارفین کی ایک بڑی تعداد ان ہیش ٹیگز کے ذریعے ملک میں امن و امان کے قیام، سیکیورٹی اداروں کی قربانیوں کی تحسین اور ریاستی اقدامات کی حمایت میں اپنے خیالات کا اظہار کر رہی ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے ان ٹرینڈز سے واضح ہوتا ہے کہ خیبر پختونخوا کے شہری اور ملک بھر سے تعلق رکھنے والے صارفین صوبے کے طویل مدتی مسائل کا پائیدار حل چاہتے ہیں۔

صارفین کا کہنا ہے کہ پچھلے چند برسوں کے دوران صوبے میں بدامنی، مالیاتی عدم استحکام اور سیکیورٹی فورسز و پولیس پر ہونے والے حملوں کے پسِ پردہ عوامل کا شفاف اور بے لاگ احتساب ہونا ضروری ہے۔

عوام سوشل میڈیا کے ذریعے یہ پیغام دے رہے ہیں کہ سیاسی دھرنوں اور محاذ آرائی سے ہٹ کر اب تمام تر توجہ صوبے کے عوام کے تحفظ اور ان کے بنیادی مسائل کے حل پر مرکوز ہونی چاہیے۔

خیبر پختونخوا میں حالیہ دنوں کے دوران ایمرجنسی کے نفاذ، صوبائی حکومت کی معطلی اور گورنر راج کا قیام عمل میں لایا گیا تھا۔

مزید پڑھیں:وفاق کا عزم، دہشت گردی کا خاتمہ اور عوام کا تحفظ، خیبر پختونخوا پولیس کو 10 بکتر بند گاڑیاں دے دیں، محسن نقوی

وفاق کی جانب سے یہ قدم دہشتگردی کے بڑھتے واقعات، سیکیورٹی فورسز پر حملوں اور صوبائی و وفاقی حکومت کے مابین عدم تعاون کے باعث اٹھایا گیا۔

انتظامی تبدیلیوں کے بعد عوام اور مختلف سیاسی و سماجی طبقات اپنے جذبات اور مطالبات کے اظہار کے لیے سوشل میڈیا کو بطورِ ابلاغی ذریعہ استعمال کر رہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر ’اب بدلے گا خیبر پختونخوا‘ اور ’پختونخوا میں احتساب کرو‘ جیسے ہیش ٹیگز کا اچانک پہلی اور دوسری پوزیشن پر آنا اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ عوامی سطح پر روایتی نعرے بازی کے بجائے اب عملی اقدامات اور نچلی سطح پر تبدیلی کی خواہش زور پکڑ چکی ہے۔

جب کسی خطے میں طویل عرصے تک سیاسی کشمکش اور بدامنی کا راج رہے، تو عوامی اضطراب کا اظہار ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے اسی طرح کے ٹرینڈز کی صورت میں سامنے آتا ہے۔

یہ رجحان اس امر کا تقاضا کرتا ہے کہ نو تشکیل شدہ انتظامی بندوبست محض عارضی اقدامات تک محدود نہ رہے بلکہ عوام کے اعتماد کی بحالی کے لیے شفافیت اور اصلاحات کے عمل کو یقینی بنائے۔

Related Articles