ملک میں سونے کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد فی تولہ سونا 3 ہزار روپے سستا ہوگیا، جبکہ چاندی کی قیمتیں بھی نیچے آگئی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سونے کی قیمتوں میں اس کمی کے بعد مقامی مارکیٹ میں نئی قیمتیں سامنے آگئی ہیں۔
آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ سونے کی قیمت 3 ہزار روپے کم ہونے کے بعد 4 لاکھ 37 ہزار 836 روپے ہوگئی ہے، اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں 2 ہزار 572 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد نئی قیمت 3 لاکھ 75 ہزار 373 روپے مقرر ہوگئی ہے۔
سونے کے ساتھ چاندی کی قیمت میں بھی کمی دیکھی گئی ہے ، فی تولہ چاندی 172 روپے سستی ہونے کے بعد 6 ہزار 360 روپے کی سطح پر آگئی ہے۔
ان قیمتوں میں اس کمی سے زیورات خریدنے کے خواہش مند افراد کی توجہ ایک بار پھر صرافہ بازاروں کی جانب ہوگئی ہے، تاہم سونے کی موجودہ قیمت اب بھی بلند سطح پر برقرار ہے۔
عالمی مارکیٹ میں سونے کی صورتحال
دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، بین الاقوامی بازار میں سونا 30 ڈالر فی اونس سستا ہونے کے بعد 4 ہزار 153 ڈالر فی اونس پر آگیا ہے۔
عالمی مارکیٹ میں قیمتوں کی تبدیلی مقامی صرافہ بازار پر بھی اثر انداز ہوتی ہے، جہاں بین الاقوامی نرخوں کے علاوہ دیگر عوامل بھی سونے کی قیمتوں کے تعین میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ سونے اور چاندی کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے باعث خریداروں اور سرمایہ کاروں کی دلچسپی برقرار رہتی ہے ، قیمتوں میں مزید کمی یا اضافے کا انحصار آئندہ عالمی مارکیٹ کی صورت حال اور مقامی صرافہ بازار کے نرخوں پر ہوگا۔