واٹس ایپ پر اکاؤنٹ نہیں؟ اب بھی آڈیو اور ویڈیو کال کرسکیں گے

واٹس ایپ پر اکاؤنٹ نہیں؟ اب بھی آڈیو اور ویڈیو کال کرسکیں گے

واٹس ایپ نے صارفین کے لیے ایک نیا فیچر متعارف کرانا شروع کردیا ہے، جس کے ذریعے اب ایسے افراد بھی واٹس ایپ کال میں شامل ہوسکیں گے جن کا اس پلیٹ فارم پر اکاؤنٹ موجود نہیں۔

اس فیچر کے تحت مہمان صارفین کسی ایپ کو ڈاؤن لوڈ کیے یا اکاؤنٹ بنائے بغیر ویب براؤزر کے ذریعے آڈیو یا ویڈیو کال میں شرکت کرسکیں گے۔ واٹس ایپ کے مطابق یہ کالز مفت ہوں گی، ان کے دورانیے کی کوئی حد نہیں ہوگی اور ان پر اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کا تحفظ بھی برقرار رہے گا۔

مہمان صارف کال میں کیسے شامل ہوگا؟

واٹس ایپ اکاؤنٹ رکھنے والا صارف ایپ کے کالزٹیب میں جاکر پلس کے بٹن کے ذریعے کال لنک بنا سکے گا اور اسے دوسرے افراد کے ساتھ شیئر کرسکے گا۔

یہ بھی پڑھیں:اے آئی کے گاڈ فادر کا خطرے کا الارم،طاقتور مصنوعی ذہانت پر عالمی نگرانی کا مطالبہ

لنک موصول ہونے پر مہمان صارف اسے اپنے ویب براؤزر میں کھولے گا، اپنا نام درج کرے گا اور انتظار گاہ میں شامل ہوجائے گا۔ کال شروع کرنے والے صارف کی منظوری کے بعد ہی اسے کال میں داخلے کی اجازت ملے گی۔ اس فیچر کے ذریعے انفرادی اور گروپ کالز کی سہولت دستیاب ہوگی، جبکہ ایک کال میں زیادہ سے زیادہ 32 افراد شامل ہوسکیں گے۔

مہمان صارفین کو کون سی سہولیات ملیں گی؟

مہمان صارفین کال کے دوران اسکرین شیئر کرسکیں گے، ایموجی کے ذریعے ردعمل دے سکیں گے اور بات کرنے کے لیے ہاتھ اٹھانے کا آپشن بھی استعمال کرسکیں گے۔

تاہم، وہ دوسرے شرکا کے فون نمبر نہیں دیکھ سکیں گے، کال کے دوران پیغامات نہیں بھیج سکیں گے اور نہ ہی مزید افراد کو کال میں مدعوکرسکیں گے۔ میزبان کسی بھی وقت مہمان کو کال سے نکال سکتا ہے یا تمام شرکا کے لیے کال ختم کرسکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:آسمان میں اڑتے طیارے میں دھواں، مسافروں پر خوف طاری

گوگل کیلنڈر اور آؤٹ لک سے بھی رابطے کی تیاری

واٹس ایپ مستقبل میں گوگل کلینڈر اور آوٹ لک کے ساتھ انضمام پر بھی کام کر رہا ہے۔ اس سہولت کے ذریعے صارفین کیلنڈر کی دعوتوں میں براہ راست واٹس ایپ کال کے لنکس شامل کرسکیں گے۔کمپنی کے مطابق یہ سہولت رواں سال کے آخر میں متوقع ہے، جس سے واٹس ایپ اکاؤنٹ نہ رکھنے والے افراد کے لیے بھی میٹنگ میں شامل ہونا آسان ہوجائے گا۔

editor

Related Articles