اگر آپ بھی چیٹ کے دوران بھیجے گئے کسی لنک کو کھولنے کے لیے بار بار واٹس ایپ سے باہر نکل کر سفاری یا دیگر براؤزرز پر جانے سے اکتا چکے ہیں، تو اب یہ پریشانی ہمیشہ کے لیے ختم ہونے والی ہے۔
واٹس ایپ نے اپنے آئی فون صارفین کے لیے ایک انتہائی اہم اور کارآمد فیچر پر کام تیز کر دیا ہے، جس کے بعد آپ ایپ کے اندر رہتے ہوئے ہی ہر قسم کی ویب سائٹ کھول سکیں گے۔
نئی پیش رفت
واٹس ایپ نے سب سے پہلے 2019 میں اینڈرائیڈ صارفین کے لیے ایپ کے اندر ہی ویب براؤزر کھولنے کے فیچر کی آزمائش کا آغاز کیا تھا ، اس کے بعد گزشتہ سال واٹس ایپ کے بیٹا ورژن 25.14.10.72 میں کچھ مخصوص آزمائشی صارفین کو یہ سہولت دی گئی تھی کہ وہ ایپ سے باہر نکلے بغیر کاروباری ویب سائٹس کے لنکس دیکھ سکیں۔
تاہم، اس سابقہ فیچر میں ایک بڑی پابندی شامل تھی کہ متعلقہ ویب سائٹ لازمی طور پر HTTPS پروٹوکول استعمال کرتی ہو اور دیگر تکنیکی تقاضے بھی پورے کرتی ہو ، اسی سخت شرط کی وجہ سے عام چیٹس میں بھیجے جانے والے زیادہ تر لنکس اس سہولت کا حصہ نہیں بن پاتے تھے۔
تمام لنکس کے لیے یکساں سہولت
معروف ویب سائٹ ‘واٹس ایپ بیٹا انفو’ کے مطابق اب کمپنی ایک ایسے نئے ورژن پر کام کر رہی ہے جو تمام تر تکنیکی رکاوٹیں دور کر کے ہر قسم کے لنک کو براہِ راست ایپ کے اندر کھولنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس نئے فیچر کو آئی فون صارفین کے لیے ‘ٹیسٹ فلائٹ’ پر دستیاب واٹس ایپ کے تازہ ترین بیٹا ورژن 26.41.10.72 میں دیکھا گیا ہے۔
واٹس ایپ کا اِن ایپ براؤزر کیسے فعال ہوگا؟
اس زبردست فیچر کو استعمال کرنے کے لیے طریقہ کار نہایت سادہ اور آسان بنایا گیا ہے:
نئی سیٹنگ: صارفین کو واٹس ایپ کی سیٹنگز میں ‘اِن ایپ براؤزر’ (In-App Browser) کے نام سے ایک نیا آپشن فراہم کیا جائے گا۔
جب صارف پہلی مرتبہ اس فیچر کو آن کرے گا، تو اسکرین کے نچلے حصے میں ایک معلوماتی پیغام ظاہر ہوگا جس میں بتایا جائے گا کہ اب تمام لنکس سفاری یا آپ کے کسی دیگر ڈیفالٹ براؤزر کے بجائے براہِ راست واٹس ایپ کے اندر ہی کھلیں گے۔
اس فیچر کی خاص بات یہ ہے کہ اس فیچر کا انتخاب مکمل طور پر صارف کے اپنے ہاتھ میں ہوگا یہ کوئی مستقل فیصلہ نہیں ہوگا اور اگر آپ دوبارہ اپنے پرانے ڈیفالٹ براؤزر پر منتقل ہونا چاہیں، تو کسی بھی وقت سیٹنگز بدل کر واپس پرانے نظام پر جا سکتے ہیں۔