وزیراعظم شہباز شریف اور امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کے درمیان آج ملاقات ہوگی، جس میں پیٹرولیم لیوی کے خاتمے اور پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ملاقات دوپہر کو وفود کی سطح پر ہوگی۔ حکومتی وفد میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، رانا ثناءاللہ اور وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک شامل ہوں گے۔
ملاقات کے لیے حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان اعلیٰ سطح پر رابطے کیے گئے ہیں۔ گزشتہ روز وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ سے رابطہ کرکے وزیراعظم شہباز شریف اور حافظ نعیم الرحمان کی مجوزہ ملاقات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا تھا۔
لیاقت بلوچ نے کہا تھا کہ حافظ نعیم الرحمان وزیراعظم سے پیٹرولیم لیوی کے خاتمے کے ایجنڈے پر ملاقات کریں گے۔ جماعت اسلامی کا مطالبہ ہے کہ پیٹرولیم لیوی ختم کرکے عوام کو پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ریلیف دیا جائے۔
ملاقات میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور لیوی سے متعلق جماعت اسلامی کے مطالبات پر گفتگو ہوگی۔