کینیڈا کپ اسکواش میں پاکستانی کھلاڑیوں کی شاندار کامیابی، نور زمان اور عشب عرفان کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے

کینیڈا کپ اسکواش میں پاکستانی کھلاڑیوں کی شاندار کامیابی، نور زمان اور عشب عرفان کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے

عالمی اسکواش کے افق پر پاکستان کے ابھرتے ہوئے ستاروں نے ایک بار پھر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا لیا ہے ، کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں جاری کینیڈا کپ اسکواش ٹورنامنٹ’ میں پاکستان کے ہونہار کھلاڑیوں نور زمان اور عشب عرفان نے سنسنی خیز مقابلوں کے بعد ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ 

دوسرے راؤنڈ کے اہم میچز میں دونوں پاکستانی ایتھلیٹس نے کولمبیا سے تعلق رکھنے والے اپنے حریفوں کو شکست دے کر ایونٹ میں پیش قدمی برقرار رکھی ہے۔

ٹورنامنٹ کے انتہائی اہم دوسرے راؤنڈ کے میچ میں پاکستان کے نور زمان کا مقابلہ کولمبیا کے طاقتور کھلاڑی میٹیاس نوڈسن سے ہوا۔ 46 منٹ تک جاری رہنے والے اس اعصاب شکن مقابلے میں نور زمان نے شاندار تکنیک اور کورٹ کنٹرول کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے حریف کو 1-3 سے شکست سے دوچار کیا۔

 نور زمان نے پہلا گیم ٹائی بریک پر 12-14 سے جیت کر بہترین آغاز کیا اور پھر دوسرے گیم میں بھی تسلسل برقرار رکھتے ہوئے 7-11 سے کامیابی حاصل کی ، اگرچہ تیسرے گیم میں کولمبین کھلاڑی نے کم بیک کرتے ہوئے 9-11 سے فتح حاصل کی، لیکن نور زمان نے چوتھے اور فیصلہ کن گیم میں حریف کو ایک بھی موقع دیے بغیر 1-11 کی یکطرفہ کامیابی کے ساتھ میچ اپنے نام کر لیا۔

یہ بھی پڑھیں :نور زمان کی شاندار فتح، سلیکون ویلی اسکواش ٹورنامنٹ میں دفاعی چیمپئن کو شکست دیدی

دوسری جانب پاکستان کے عشب عرفان نے ایونٹ میں زبردست پیش قدمی کرتے ہوئے کولمبیا کے ساتویں سیڈ میگوئل روڈریگز جیسے تجربہ کار کھلاڑی کو آؤٹ کلاس کر دیا ،  میچ کا آغاز عشب کے لیے مشکل رہا اور وہ پہلا گیم 2-11 سے ہار گئے، تاہم اس کے بعد پاکستانی نوجوان نے غیر معمولی اعصاب اور حکمت عملی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تاریخی کم بیک کیا۔

عشب عرفان نے شاندار شاٹ سلیکشن کی بدولت اگلے تینوں بالترتیب گیمز 8-11، 6-11 اور 8-11 سے جیت کر نامور کولمبین پلیئر کو ایونٹ سے باہر کا راستہ دکھا دیا۔ عشب کی یہ اعصاب شکن فتح 65 منٹ کی کٹھن جدوجہد کے بعد ممکن ہوئی۔

ٹورنٹو میں کھیلا جانے والا یہ پی ایس اے سلور (PSA Silver) ایونٹ عالمی اسکواش سرکٹ میں خاص اہمیت کا حامل ہے، جس کی مجموعی انعامی رقم 1 لاکھ 14 ہزار 500 امریکی ڈالرز مقرر کی گئی ہے۔

 پاکستانی اسکواش شائقین اور کھیلوں کے حلقوں نے نور زمان اور عشب عرفان کی اس شاندار کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ دونوں کھلاڑی کوارٹر فائنل میں بھی فتح کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے ملک و قوم کا نام مزید روشن کریں گے۔

editor

Related Articles