کشمیرہماری یادوں سے نکلا نہ عزم سے،یومِ سیاہ پرگورنر خیبرپختونخوا کا کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی

کشمیرہماری یادوں سے نکلا نہ عزم سے،یومِ سیاہ پرگورنر خیبرپختونخوا کا کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ بھارت طاقت کے بل بوتے پر کشمیری عوام کی آواز دبا سکتا ہے اور نہ ہی ان کی جدوجہدِ آزادی ختم کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 27 اکتوبر 1947ء ریاست جموں و کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے  جب بھارتی افواج سرینگر میں اتریں اور تنازع کشمیر نے ایک نیا رخ اختیار کیا۔

یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں گورنر خیبرپختونخوا نے کشمیری عوام کی طویل جدوجہد، قربانیوں اور حقِ خودارادیت کے لیے ان کے عزم کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کئی دہائیوں سے اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کے حق کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال مسلسل تشویش کا باعث ہے۔ بے گناہ شہریوں پر مظالم، ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیوں اور غیرقانونی گرفتاریوں سے متعلق رپورٹس سنجیدہ توجہ کی متقاضی ہیں۔

 یہ بھی پڑھیں :گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی کا آئین کو نہ ماننے والے شرپسند عناصر کے ساتھ مذاکرات سے صاف انکار

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کو بنیادی حقوق اور آزادیوں کی فراہمی یقینی بنانا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا  کہ طاقت کے استعمال سے عوام کی سیاسی امنگوں کو ختم نہیں کیا جا سکتا۔ گورنر خیبرپختونخوا نے مزید کہا کہ کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔   مشکل حالات کے باوجود آزادی کے لیے کشمیریوں کا عزم برقرار ہے اور ان کی جدوجہد مسلسل جاری ہے۔

فیصل کریم کنڈی نے عالمی برادری، اقوام متحدہ اور بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال کا نوٹس لیں۔ انہوں نے زور دیا کہ بھارت کو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے متعلق الزامات پر جوابدہ بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

     یہ بھی پڑھیں :تجاوزات کے خلاف زیرو ٹالرنس، فیصل کریم کنڈی کے اچانک دوروں کا اعلان

گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی کی حمایت پاکستان کا اصولی مؤقف ہے۔ پاکستان اس مؤقف پر ثابت قدم رہے گا اور کشمیری عوام کے جائز حقوق کی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام بھی اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

editor

Related Articles