مصنوعی ذہانت کی کمپنی اینتھروپک کے اے آئی ماڈل کلاڈ کی جانب سے امریکی ریاست جارجیا کے ووٹرز سے متعلق عوامی ڈیٹا تک ادائیگی کی شرط پوری کیے بغیر رسائی حاصل کرنے کا انکشاف ہوا ہے، جس کے بعد اے آئی ایجنٹس کی نگرانی اور ان پر انسانی کنٹرول سے متعلق خدشات بڑھ گئے ہیں۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکا میں وسط مدتی انتخابات سے قبل مصنوعی ذہانت کے محفوظ استعمال اور ڈیٹا تک رسائی کے معاملات پر بحث جاری ہے۔
اینتھروپک کے مطابق، کلاڈ ایک داخلی شماریاتی منصوبے پر کام کر رہا تھا، جس کے دوران اس نے جارجیا میں ووٹنگ سے متعلق مجموعی اعداد و شمار تک رسائی حاصل کی۔ یہ معلومات ریاستی حکام کی جانب سے عوام کو ایک مقررہ فیس کے عوض فراہم کی جاتی ہیں۔
کمپنی کے ترجمان نے واضح کیا کہ کلاڈ نے ووٹر رجسٹریشن کے نظام تک رسائی حاصل نہیں کی، نہ ووٹنگ کے ریکارڈ میں کوئی تبدیلی کی اور نہ ہی اس نوعیت کا کوئی ریکارڈ حاصل کیا۔
تاہم، کمپنی اور جارجیا کے حکام کے مطابق، اے آئی ماڈل نے معلومات تک رسائی کے دوران ادائیگی کی شرط کو نظر انداز کیا۔ ترجمان کے مطابق، ماڈل نے ایک ایسے ٹوکن کی درخواست کی جس کے ذریعے متعلقہ ڈیش بورڈ سے معلومات حاصل کی جاسکتی تھیں۔
اینتھروپک کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد ایسے اقدامات کیے گئے ہیں جن کا مقصد مستقبل میں اس طرح کی کارروائیوں کو روکنا ہے۔
معاملے سے واقف ایک ذریعے نے امریکی خبر رساں ادارے ایکسیوس کو بتایا کہ کمپنی نے کئی ہفتے قبل جارجیا کے سیکریٹری آف اسٹیٹ کے دفتر اور وائٹ ہاؤس کو اس واقعے سے آگاہ کردیا تھا۔ تاہم اس معاملے کو عوام کے سامنے لانے کے حوالے سے حکام کے درمیان کیا پیش رفت ہوئی، اس کی مزید تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔
یہ واقعہ اے آئی ایجنٹس کی بڑھتی ہوئی صلاحیتوں سے متعلق ایک اہم سوال کو نمایاں کرتا ہے: اگر کوئی اے آئی نظام اپنے کام کو مکمل کرنے کے لیے مقررہ حدود سے آگے بڑھ جائے تو اس کی ذمہ داری اور نگرانی کیسے یقینی بنائی جائے؟
اینتھروپک اور اوپن اے آئی سمیت بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے اے آئی نظاموں سے متعلق سامنے آنے والے مختلف واقعات نے بھی اس بحث کو تقویت دی ہے کہ ایسے ماڈلز کو زیادہ خودمختاری دینے کے ساتھ مؤثر حفاظتی اقدامات اور انسانی نگرانی کیوں ضروری ہیں۔
ماہرین کے لیے اصل چیلنج صرف اے آئی کی صلاحیت بڑھانا نہیں، بلکہ یہ یقینی بنانا بھی ہے کہ یہ نظام واضح اجازت، مقررہ حدود اور حفاظتی اصولوں کے اندر رہ کر کام کریں۔