پاکستان کی انڈر 18 بیس بال ٹیم نے امریکی ریاست فلوریڈا میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائنل میں پیراگوئے کو 11 صفر سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
یہ مقابلے 21 سے 25 اکتوبر تک امریکی شہر ویسٹ پام بیچ کے کیکٹی پارک میں منعقد ہوئے۔ ٹورنامنٹ کا نام ’’ورلڈ کمز ٹو دی پام بیچز، پاورڈ بائی پراسپیکٹ وائر‘ تھا، جس میں مختلف عمر کے کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔
یہ ایونٹ 2017 میں شروع کیا گیا تھا اور اس میں اب تک چھ براعظموں کے 30 سے زائد ممالک کے کھلاڑی شرکت کرچکے ہیں۔ مقابلوں میں انڈر 12، انڈر 15، انڈر 18 اور 18 سال سے زائد عمر کے کھلاڑیوں کے لیے اوپن کیٹیگری شامل ہے۔
پاکستان کی انڈر 18 ٹیم کو پاکستان بیس بال ایسوسی ایشن نارتھ امریکا نے منظم کیا۔ ٹیم کی کامیابی پر ایسوسی ایشن نے سوشل میڈیا کے ذریعے کھلاڑیوں کو مبارک باد دی اور اسے پروگرام کی ترقی کی اہم علامت قرار دیا۔
ایسوسی ایشن کے مطابق اس پروگرام کا مقصد باصلاحیت پاکستانی کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا اور انہیں اعلیٰ سطح کے بین الاقوامی مقابلوں میں اپنی صلاحیتیں دکھانے کے لیے پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے۔
فائنل میں 11 صفر کی شاندار کامیابی پاکستانی نوجوان کھلاڑیوں کی محنت اور کارکردگی کا نمایاں اظہار ہے، جس سے بین الاقوامی سطح پر بیس بال میں پاکستان کی نمائندگی کو مزید تقویت مل سکتی ہے۔