خیبرپختونخوا کے عوام کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے نکل آئے، گورنر فیصل کریم کنڈی کی قیادت میں ہزاروں افراد کی ریلی میں شرکت

خیبرپختونخوا کے عوام کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے نکل آئے، گورنر فیصل کریم کنڈی کی قیادت میں ہزاروں افراد کی ریلی میں شرکت

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی قیادت میں 27 اکتوبر یومِ سیاہ کشمیر کے سلسلے میں ریلی نکالی گئی، جس میں صوبائی مشیروں، حریت رہنما داؤد خان یوسفزئی، سرکاری افسران، ملازمین اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء نے مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارتی قبضے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا، جبکہ بھارتی قبضے کے خلاف ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔

ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ 27 اکتوبر کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارتی قبضے کے خلاف یومِ سیاہ منایا جا رہا ہے۔ پاکستانی قوم کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی اور ان کی لازوال قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ کشمیری عوام کو اپنی امنگوں کے مطابق اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دیا جانا چاہیے۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام بھی پوری پاکستانی قوم کی طرح مظلوم کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ آج کی ریلی کے ذریعے دنیا کو واضح پیغام دیا گیا ہے کہ پاکستانی قوم امن پسند ہے اور مسئلہ کشمیر کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان امن کا داعی ہے اور اسلام آباد سے امن کا سفر شروع کیا گیا ہے۔ امید ہے کہ یہ سفر امن ہی پر اختتام پذیر ہوگا۔ وزیراعظم پاکستان اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے امریکہ اور ایران کے تنازعے میں ثالثی کا کردار ادا کیا۔ جب عالمی سفارت کاری ناکام ہوتی دکھائی دے رہی تھی، اس وقت پاکستان نے امریکہ اور ایران کو مذاکرات کی میز پر لانے میں اہم کردار ادا کیا۔

یہ بھی پڑھیں:خیبرپختونخوا میں امن بھی، ترقی بھی،سکیورٹی کے ساتھ ترقیاتی ایجنڈا بھی فعال،ہنگامی بنیادوں پر کام تیز کر دیا گیا

گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ بھارت پاکستان کو دہشت گرد ملک کے طور پر پیش کرتا رہا، لیکن حالیہ علاقائی صورتِ حال میں عالمی میڈیا نے پاکستان کے امن کے لیے کردار کو بھی اجاگر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے بھارتی جارحیت کے جواب میں 72 گھنٹوں کے اندر اپنی بھرپور دفاعی صلاحیت کا مظاہرہ کیا اور بھارت کے غرور کو خاک میں ملا دیا۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہتا ہے، تاہم پاکستان کو اس پُرامن راستے سے ہٹنے پر مجبور نہ کیا جائے۔ پوری دنیا جانتی ہے کہ پاکستانی فوج اپنے حق کا دفاع کرنا جانتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مقبوضہ جموں و کشمیر کا مسئلہ طاقت کے ذریعے بھی حل کر سکتا ہے، تاہم پاکستان پُرامن حل اور مذاکرات کے راستے کو ترجیح دیتا ہے۔

گورنر نے کشمیری عوام کو یقین دلایا کہ پاکستانی قوم ہر مشکل، دکھ اور تکلیف میں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ پاکستان کا ہر بچہ کشمیری عوام کے شانہ بشانہ کھڑا ہے اور ہمیشہ ان کی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ دن دور نہیں جب پاکستان اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام یکجا ہوں گے اور کشمیری عوام آزادی کی فضا میں سانس لے سکیں گے۔

ریلی میں مشیر اطلاعات ثمر بلور، مشیر تعلیم ڈاکٹر عامر عبداللہ، مشیر داخلہ کفایت اللہ، حریت رہنما داؤد خان یوسفزئی سمیت دیگر شرکاء نے شرکت کی اور کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔

Qaisar Mirza
editor

Related Articles