گورنر خیبرپختونخوا کے مشیر برائے منصوبہ بندی و ترقی، توانائی و بجلی اور سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی عثمان سیف اللہ خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی، ڈیجیٹلائزیشن اور پائیدار ترقی کے لیے پرعزم ہے، 100 روزہ فلیگ شپ پروگرام کی بروقت اور معیاری تکمیل سے عوام کو حقیقی تبدیلی محسوس ہوگی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں ’’بدلتا اور نکھرتا خیبرپختونخوا‘‘ کے 100 روزہ پلان کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ، سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ’’بدلتا خیبرپختونخوا‘‘ کے تحت 83 جبکہ ’’نکھرتا خیبرپختونخوا‘‘ اقدام کے تحت 125 منصوبوں پر ہنگامی بنیادوں پر کام جاری ہے۔ اس طرح دونوں پروگراموں کے تحت مجموعی طور پر 208 منصوبوں پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔
اجلاس میں صحت، تعلیم، ڈیجیٹل گورننس، مصنوعی ذہانت (AI)، کھیلوں کی سرگرمیوں اور سولر و توانائی کے شعبوں میں جاری منصوبوں کی مجموعی صورتحال اور آئندہ کی ترجیحات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔حکام نے تمام 208 منصوبوں کی مقررہ مدت، عمل درآمد کی رفتار، متعلقہ محکموں کے درمیان رابطہ کاری اور عملی سطح پر درپیش انتظامی و تکنیکی مشکلات سے بھی آگاہ کیا۔
مشیر عثمان سیف اللہ خان نے منصوبوں میں شفافیت اور مقررہ وقت میں تکمیل یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ عمل درآمد کی راہ میں حائل تمام انتظامی رکاوٹیں فوری طور پر دور کی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ بدلتا خیبرپختونخوا اور نکھرتا خیبرپختونخوا دونوں اقدامات کی کامیابی کا انحصار صوبائی محکموں کی مؤثر اور مربوط رابطہ کاری پر ہے، اس لیے منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے تاکہ مقررہ مدت میں عوام کو ان کے نتائج فراہم کیے جا سکیں۔
صوبے میں تعلیم، صحت، سولر انرجی اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں 208 سے زائد منصوبوں کی 100 روزہ مانیٹرنگ کے اقدام کو تعلیمی، تکنیکی اور عوامی حلقوں کی جانب سے سراہا جا رہا ہے۔
شہریوں اور نوجوانوں کا کہنا ہے کہ مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹلائزیشن اور سولرائزیشن جیسے جدید منصوبوں سے صوبے کی معیشت اور نوجوانوں کے مستقبل کے لیے نئے مواقع پیدا ہو سکتے ہیں۔عوامی حلقوں نے امید ظاہر کی ہے کہ 100 روزہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل سے خیبرپختونخوا میں گڈ گورننس اور ترقی کے حوالے سے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔
