پشاور سے لاہور اب صرف ایک گھنٹے کی مسافت ، 9 نومبر سے براہِ راست پروازیں شروع ہوں گی، گورنر خیبر پختونخوا

پشاور سے لاہور اب صرف ایک گھنٹے کی مسافت ، 9 نومبر سے براہِ راست پروازیں شروع ہوں گی، گورنر خیبر پختونخوا

خیبرپختونخوا کے عوام کے لیے خوشخبری، پشاور اور لاہور کے درمیان براہِ راست فضائی سروس 9 نومبر سے بحال کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کے مطابق یومِ اقبال کے موقع پر دونوں شہروں کے درمیان پروازوں کا باقاعدہ آغاز ہوگا۔

فیصل کریم کنڈی نے بتایا کہ ساؤتھ ایئر ویز کے تعاون سے پشاور اور لاہور کے درمیان فضائی رابطہ بحال کیا جا رہا ہے، جس کے تحت ابتدائی طور پر ہفتے میں چار پروازیں چلائی جائیں گی ان کا کہنا تھا کہ پشاور سے لاہور کا فضائی سفر تقریباً 50 منٹ سے ایک گھنٹے میں مکمل ہوگا، جبکہ اس روٹ پر پہلی پرواز 9 نومبر کو دوپہر تقریباً ایک بجے پشاور سے روانہ ہوگی۔

گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ اس فضائی سروس سے لاہور میں مقیم خیبرپختونخوا کے شہریوں، کاروباری افراد اور ملازمین کو سفری سہولت حاصل ہوگی اور دونوں شہروں کے درمیان آمدورفت مزید آسان ہو جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ پشاور سے کوئٹہ کے لیے براہِ راست فضائی سروس پہلے ہی کامیابی سے جاری ہے، جبکہ پشاور، لاہور روٹ پر پروازوں کی تعداد مستقبل میں بڑھانے کا بھی منصوبہ ہے۔

فیصل کریم کنڈی کے مطابق ڈی آئی خان، چترال اور پاراچنار کے لیے بھی فضائی رابطے کے امکانات پر کام جاری ہے۔ صوبے کے مختلف علاقوں کو فضائی رابطوں کے ذریعے منسلک کرنے کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے۔

گورنر نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ پشاور کو ایک بار پھر پھولوں کا شہر بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

editor

Related Articles