پاکستان نے سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز اپنی پہلی اننگز میں 325 رنز بنا کر 227 رنز کی اہم برتری حاصل کرلی ہے، جبکہ سری لنکن ٹیم پہلی اننگز میں صرف 98 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔
راولپنڈی ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان نے 121 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ پر اپنی پہلی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تو اذان اویس گزشتہ روز کے اسکور میں کوئی اضافہ کیے بغیر پویلین لوٹ گئے۔
سعود شکیل نے نائٹ واچ مین ثاقب خان کے ساتھ 57 رنز کی شراکت قائم کی، تاہم سعود شکیل 24 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ ثاقب خان نے 37، سلمان علی آغا نے 21 اور عامر جمال نے 12 رنز بنائے۔اس کے بعد غازی غوری نے 54 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی اور رضا اللہ کے ساتھ 56 رنز کی شراکت قائم کی۔
رضا اللہ 42 رنز بنا کر پاکستان کے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی رہے، جبکہ محمد عباس 2 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔سری لنکا کی جانب سے لاہیرو کمارا نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں، اسیتھا فرنینڈو نے 3 جبکہ پرباتھ جے سوریا اور ملن رتھنائیکے نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا اور پاکستانی بولرز نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے سری لنکن ٹیم کو پہلی اننگز میں محض 98 رنز پر آؤٹ کردیا تھا ، سری لنکا کی جانب سے کپتان کوشال مینڈس 32 اور سونل دینوشا 21 رنز بنا کر نمایاں رہے، جبکہ دیگر بلے باز پاکستانی بولرز کے سامنے زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے۔
پاکستان کی جانب سے محمد عباس، رضا اللہ اور عامر جمال نے 3، 3 جبکہ ثاقب خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔سری لنکا کا 98 رنز پر آؤٹ ہونا راولپنڈی میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچز میں کسی بھی ٹیم کا کم ترین اسکور ہے، جبکہ پاکستان کے خلاف یہ سری لنکا کا چوتھا کم ترین اننگز اسکور ہے۔
واضح رہے کہ اسموگ کے باعث لاہور سے راولپنڈی منتقل کیے گئے اس ٹیسٹ میچ کے لیے پاکستان ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی تھی اور اسپن آل راؤنڈر عرفات منہاس کی جگہ فاسٹ بولنگ آل راؤنڈر عامر جمال کو شامل کیا گیا تھا، جبکہ سری لنکن ٹیم میں دلشان مدھوشنکا کی جگہ پرباتھ جے سوریا کی واپسی ہوئی تھی۔
دونوں ٹیموں کے مابین راولپنڈی میں کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ میچ خراب روشنی اور بارش کے باعث متاثر ہوا تھا، جس میں تقریباً 140 اوورز کا کھیل نہ ہوسکا اور مقابلہ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگیا تھا۔