گورنر راج کی مخالفت اور دہشت گردوں کے سہولت کاروں کا دفاع،نئے صوبے روکنے کے لیے پیپلز پارٹی اور جے یو آئی کا خطرناک کھیل

گورنر راج کی مخالفت اور دہشت گردوں کے سہولت کاروں کا دفاع،نئے صوبے روکنے کے لیے پیپلز پارٹی اور جے یو آئی کا خطرناک کھیل

 ملک میں نئے صوبوں کے قیام، خیبرپختونخوا میں گورنر راج اور دہشت گردی کے خلاف حکومتی اقدامات پر پیپلز پارٹی اور جمعیت علمائے اسلام (ف) ایک پیج پر آگئے ہیں اوردونوں کا گٹھ جوڑ بے نقاب ہوگیا ہے ۔

 دونوں جماعتوں کی جانب سے گورنر راج کی مخالفت اور نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر تحفظات نے وفاقی حکومت کے لیے سیاسی چیلنج پیدا کردیا ہے،خیبرپختونخوا میں امن و امان کی خراب صورتحال اور دہشت گردی کے مسلسل واقعات کے باعث صوبے میں گورنر راج کے نفاذ کا معاملہ زیر بحث ہے۔

 دہشت گردی کے خاتمے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے سخت حکومتی اقدامات کی ضرورت محسوس کی جارہی ہے، تاہم پیپلز پارٹی اور جے یو آئی اس معاملے پر مختلف تحفظات کا اظہار کررہی ہیں۔

پیپلز پارٹی کا مؤقف ہے کہ صوبائی معاملات کو آئینی اور جمہوری طریقے سے حل کیا جانا چاہیے، بلاول بھٹو زرداری بھی گورنر راج کے بجائے سیاسی مشاورت اور مذاکرات کی حمایت کرتے رہے ہیں، دوسری جانب مولانا فضل الرحمان بھی صوبے میں گورنر راج کے نفاذ کی مخالفت کرتے ہوئے سیاسی مسائل کا حل سیاسی عمل میں تلاش کرنے پر زور دیتے ہیں۔

نئے صوبوں کا معاملہ بھی دونوں جماعتوں کے سیاسی مؤقف کا اہم حصہ ہے۔ پیپلز پارٹی سندھ کی تقسیم کی مخالفت کرتی ہے اور اس کا مؤقف ہے کہ سندھ کے عوام کی مرضی کے بغیر صوبے کی تقسیم قبول نہیں کی جاسکتی،جے یو آئی بھی نئے صوبوں کے قیام کے لیے آئینی طریقہ کار کی پابندی پر زور دیتی ہے اور ریفرنڈم کے ذریعے اس معاملے کو آگے بڑھانے کی مخالفت کرتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں :پانی کے نام پر 171 ارب ڈکار لیے، کراچی کے نلکے پھر بھی خشک، بلاول بھٹو کی گورننس کا پول کھل گیا

دوسری جانب ملک میں نئے انتظامی یونٹس کے قیام کی ضرورت پر بحث جاری ہے، بڑھتی ہوئی آبادی، انتظامی مشکلات اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے مسائل کے باعث نئے صوبوں کا معاملہ اہمیت اختیار کرچکا ہے، تاہم پیپلز پارٹی اور جے یو آئی کی مخالفت نے اس معاملے پر سیاسی اتفاق رائے کی راہ مشکل بنا دی ہے۔

دہشت گردی کے معاملے پر بھی سیاسی جماعتوں کے مؤقف اور ترجیحات زیر بحث ہیں۔ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات، دہشت گردوں کے نیٹ ورکس کے خلاف کارروائی اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف سخت حکمت عملی ناگزیر ہے، ایسے حالات میں گورنر راج کی مخالفت اور حکومتی اقدامات پر سیاسی مزاحمت نے نئی بحث کو جنم دیا ہے۔

سیاسی حلقوں میں یہ سوال بھی زیر بحث ہے کہ جب ملک کو دہشت گردی، بدامنی اور انتظامی بحران جیسے مسائل کا سامنا ہے تو سیاسی جماعتیں قومی سلامتی اور انتظامی اصلاحات کے معاملات پر مشترکہ حکمت عملی کیوں اختیار نہیں کرتیں؟ پیپلز پارٹی اور جے یو آئی کا گورنر راج اور نئے صوبوں کے معاملے پر قریب تر مؤقف ملکی سیاست میں نئی صف بندی کی عکاسی کررہا ہے

editor

Related Articles