تھانہ کچہری کے چکروں سے نجات , پنجاب میں پنچایت نظام بحال کرنے کی منظوری, ایکٹ لانے کا اعلان

تھانہ کچہری کے چکروں سے نجات , پنجاب میں پنچایت نظام بحال کرنے کی منظوری, ایکٹ لانے کا اعلان

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب میں پنچایت نظام کے قیام کی اصولی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت یونین کونسل، موضع، علاقے اور گاؤں کی سطح پر پنچایت کمیٹیاں قائم کی جائیں گی۔ یہ کمیٹیاں فریقین کی باہمی رضامندی سے مقامی تنازعات حل کریں گی، جبکہ حکومت نے اس نظام کو قانونی دائرے میں لانے کے لیے پنجاب پنچایت ایکٹ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس سلسلے میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں پنچایت نظام کے قیام، طریقہ کار، اختیارات اور قانونی ضوابط کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پنچایت کمیٹیاں مقامی سطح پر چھوٹے موٹے تنازعات کے حل کے لیے کام کریں گی تاکہ شہریوں کو معمولی اختلافات کے لیے طویل عدالتی کارروائی سے گزرنا نہ پڑے۔

مجوزہ نظام کے تحت ڈپٹی کمشنر غیر جانبدار اور عوامی اعتماد کے حامل مستقل مقامی رہائشی کو پنچایت کا رکن مقرر کرے گا۔ ارکان کا انتخاب ان کی نیک نامی، غیر جانبداری اور دانشمندی کی بنیاد پر کیا جائے گا۔ پنچایتوں میں نمبردار، اساتذہ، ریٹائرڈ ججز، ریٹائرڈ فوجی افسران، ریٹائرڈ سول سرونٹس اور دیگر معزز مقامی شخصیات کو شامل کیا جائے گا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ پنچایت نظام کے ذریعے خواتین، اقلیتوں، غریبوں اور پسماندہ طبقات کے لیے انصاف تک رسائی آسان بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ یہ نظام قانونی حدود، انصاف اور غیر جانبداری کے اصولوں کے تحت کام کرے گا، جبکہ شہریوں کا عدالتی تحفظ حاصل کرنے اور عدالتوں سے رجوع کرنے کا حق بھی برقرار رہے گا۔

یہ بھی پڑھیں:پانی کے نام پر 171 ارب ڈکار لیے، کراچی کے نلکے پھر بھی خشک، بلاول بھٹو کی گورننس کا پول کھل گیا

پنچایت نظام کے ممکنہ غلط استعمال اور خواتین سمیت کمزور طبقات کے حقوق کے تحفظ کے لیے دائرہ اختیار سے متعلق نیگیٹو لسٹ بھی جاری کی جائے گی، جس کے ذریعے ان معاملات کا تعین کیا جائے گا جو پنچایت کے دائرہ اختیار میں شامل نہیں ہوں گے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنچایت پروگرام کے لیے رولز، پالیسی گائیڈ لائنز اور ضوابط کا جامع پلان طلب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ پنچایتوں کے اختیارات کے تعین کے لیے واضح قواعد و ضوابط مرتب کیے جائیں تاکہ نظام میں شفافیت، غیر جانبداری اور قانون کی بالادستی یقینی بنائی جاسکے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز شریف نے کہا کہ تنازعات کو باہمی افہام و تفہیم، مکالمے اور معززین کی دانشمندی سے حل کیا جا سکتا ہے۔ پنجاب میں معاشرتی ثالثی کے ذریعے چھوٹے موٹے جھگڑے نمٹانے کی صدیوں پرانی روایت موجود ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنچایتی نظام شہریوں کو نظام انصاف میں شراکت دار بنانے کی کوشش ہے، باہمی اختلافات کے حل کے لیے عدالت ہی پہلا فورم نہیں بلکہ پنچایت کو ہونا چاہیے۔

مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ تنازعات کے غیر رسمی حل کو قانونی دائرہ کار میں لانے کے لیے پنجاب پنچایت ایکٹ متعارف کرایا جا رہا ہے، یہ قانون باہمی رضامندی سے تنازعات حل کرنے کے لیے سادہ، کم خرچ اور آسان فورم فراہم کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو نچلی سطح پر اختیارات میں شراکت دار بنانا چاہتی ہے اور شہریوں کو اپنے فیصلے خود کرنے کا اختیار دیا جائے گا۔ پنچایت نظام کے قیام سے عدالتوں پر مقدمات کا بوجھ کم کرنے اور عوام کو فوری و سستا انصاف فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔

وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ حکومت سماجی تبدیلی کے ذریعے انصاف کو عوام کی دہلیز تک پہنچانا چاہتی ہے۔

Qaisar Mirza
editor

Related Articles