ایپل کی سروسز میں اچانک خرابی، صارفین لاگ اِن اور ادائیگیوں سے محروم

ایپل کی سروسز میں اچانک خرابی، صارفین لاگ اِن اور ادائیگیوں سے محروم

دنیا کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی ایپل کی متعدد آن لائن سروسز میں اچانک خرابی پیدا ہوگئی، جس کے باعث دنیا بھر میں صارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ متاثرہ سروسز میں آئی کلاؤڈ، ایپ اسٹور، ایپل پے اور ایپل میوزک بھی شامل تھیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق منگل کو پیش آنے والی اس خرابی کے باعث صارفین اپنے آئی کلاؤڈ اکاؤنٹس میں لاگ اِن نہیں کر پا رہے تھے، جبکہ ایپ اسٹور سے ایپس ڈاؤن لوڈ کرنے اور ایپل پے کے ذریعے ادائیگیاں مکمل کرنے میں بھی رکاوٹیں پیش آئیں۔

متعدد آئی فون اور میک صارفین نے شکایت کی کہ ان کے اکاؤنٹس خودکار طور پر لاگ آؤٹ ہوگئے، جبکہ ایپل کی دیگر آن لائن سہولیات تک رسائی بھی متاثر ہوئی۔

ابتدائی طور پر اس اچانک خرابی کے باعث صارفین میں سائبر حملے سے متعلق خدشات پیدا ہوئے، تاہم ایپل نے واضح کیا کہ اس مسئلے کا کسی سائبر حملے سے تعلق نہیں تھا۔

یہ بھی پڑھیں:امریکا نے چپس روکیں، چین نے اے آئی کا نیا راستہ نکال لیا

کمپنی کے مطابق اندرونی سافٹ ویئر اپ ڈیٹ کے باعث یہ تکنیکی خرابی پیدا ہوئی، جس سے اس کی متعدد سروسز متاثر ہوئیں۔ ایپل نے مزید بتایا کہ منگل کی دوپہر تک کئی متاثرہ سروسز بحال کردی گئی تھیں، جبکہ باقی سسٹمز کی مکمل بحالی کے لیے کام جاری تھا۔

اس واقعے نے ایک بار پھر ظاہر کیا کہ روزمرہ زندگی میں اسمارٹ فونز اور آن لائن سہولیات پر بڑھتے ہوئے انحصار کے باعث کسی بڑی ٹیکنالوجی کمپنی کی سروسز میں معمولی خرابی بھی دنیا بھر کے صارفین کو متاثر کرسکتی ہے۔

editor

Related Articles