پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی سندھ میں مسلسل 18 سالہ ایسی طویل داستانِ زوال ہے جہاں گڈ گورننس، آئینی شفافیت اور میرٹ کے بنیادی اصولوں کو پسِ پشت ڈال کر سندھ کو ایک سیاسی جاگیر میں تبدیل کر دیا گیا ، اس طویل دورِ اقتدار میں سندھ کے اندرونی اضلاع بالخصوص ٹھٹھہ، بدین، دادو اور خیرپور کو جس طرح سیاسی دباؤ، انتظامی نااہلی اور پھر سیلاب کے نام پر ہندسی جوڑ توڑ کا نشانہ بنایا گیا، اس کی مثال ملکی تاریخ میں کم ہی ملتی ہے۔
کس طرح سیاسی دھونس، فرمائشیں نہ ماننے پر علاقوں کو تباہی کے منہ میں دھکیلنے اور بعد ازاں سرکاری ریلیف پیکجز کے ذریعے یونین کونسلز کو سیاسی منڈی کی طرح خریدنے کا مکروہ کھیل کھیلا گیا۔
سیاسی دھونس اور مخالفت کی سزا: سیلاب بنا ہتھیار
سندھ کے دیہی علاقوں میں پیپلز پارٹی کا سیاسی تسلط صرف انتخابی عمل تک محدود نہیں ہے، بلکہ یہ مقامی انتظامیہ، پولیس اور ترقیاتی فنڈز پر مکمل کنٹرول کے ذریعے چلتا ہے ، جب کبھی ٹھٹھہ، بدین، دادو یا خیرپور کے کسی علاقے میں کوئی مقامی کونسلر، یونین کونسل کا چیئرمین یا بااثر برادری حکمران جماعت کے سامنے سر تسلیم خم کرنے سے انکار کرتی ہے، تو وہاں کا سب سے پہلا عذاب “ترقیاتی فنڈز کی بندش” کی صورت میں نازل ہوتا ہے۔
تحقیقی رپورٹس اور مقامی شاہدین کے مطابق،کئی مقامات پر برساتی نالوں کے کٹاؤ، حفاظتی بندوں (Embankments) کی جان بوجھ کر بروقت مرمت نہ کرنے یا پانی کی نکاسی کے نظام کو سیاسی ترجیحات کی بھینٹ چڑھانے جیسے حربے استعمال کیے جاتے ہیں ۔
اس کا مقصد یہ ثابت کرنا ہوتا ہے کہ حکمراں جماعت کی مرضی کے بغیر اس خطے میں نہ تو خوشحالی آ سکتی ہے اور نہ ہی قدرتی آفات سے بچاؤ ممکن ہے۔ نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ جب پانی یا سیلاب آتا ہے، تو مخالف حلقوں کو بے یار و مددگار چھوڑ دیا جاتا ہے تاکہ وہ گھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہو جائیں۔
ٹھٹھہ، بدین، دادو اور خیرپور: ریلیف پیکجز کے ذریعے یونین کونسلز کی خریداری
رپورٹس کے مطابق سنہ 2010، 2011 اور 2022 کے تباہ کن سیلابوں کے دوران بین الاقوامی برادری اور وفاقی حکومت کی طرف سے اربوں روپے کے ریلیف فنڈز سندھ حکومت کے حوالے کیے گئے لیکن زمینی حقائق نے اس امداد کو انسانی فلاح کے بجائے ایک گھناؤنی سیاسی منڈی میں بدل دیا۔
بدین اور ٹھٹھہ جو کہ سیلاب اور سمندری طوفانوں سے سب سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں، وہاں کے مقامی منتخب نمائندوں کو ریلیف پیکجز کے ذریعے توڑنے کی داستانیں زبان زدِ عام ہیں۔
رپورٹس کے مطابق سیلاب زدگان کے لیے آنے والے خیمے، راشن بیگز، مچھر دانیاں اور نقد مالی امداد (مبینہ طور پر بے نظیر انکم سپورٹ یا سیلاب گرانٹس) کو عام مستحقین تک پہنچانے کے بجائے صرف ان یونین کونسلز کے حوالے کیا گیا جن کے نمائندوں نے حکمراں جماعت میں شمولیت اختیار کی ، جو یونین کونسلز اپوزیشن میں رہیں، وہاں کے مکینوں کو ریلیف کی فہرستوں سے نکال دیا گیا اور واضح پیغام دیا گیا کہ اگر امداد چاہیے تو اپنے کونسلر کو حکمران جماعت کے پلیٹ فارم پر لاؤ۔
دادو (منچھر جھیل اور کچھی کے علاقے) اور خیرپور کے اندرونی گوٹھوں میں جہاں سیلابی پانی نے لاکھوں افراد کو بے گھر کیا ، حکومت کی طرف سے ریلیف کی تقسیم کا پیمانہ “مستحق” نہیں بلکہ “سیاسی وفاداری” قرار پایا ، مقامی سطح پر یونین کونسلز کے چیئرمینز اور معتبرین کو ترقیاتی گرانٹس، نوکریوں کے کوٹے اور فنڈز کا لالچ دے کر خریدا گیا تاکہ آئندہ انتخابات کے لیے زمینی دباؤ کو ہمیشہ کے لیے ختم کیا جا سکے۔
مالی بدعنوانی کا جال


