اسلام آباد ہائیکورٹ میں شادی ہالز اور مارکی ہالز کی ریگولرائزیشن فیسوں میں اضافے کے خلاف درخواستوں پر سماعت جسٹس راجہ انعام امین منہاس نے کی۔ درخواست گزاروں کی جانب سے اکرم شیخ ایڈووکیٹ جبکہ سی ڈی اے کی جانب سے بیرسٹر بلال نصیر عدالت میں پیش ہوئے۔ فریقین کے وکلا کے دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے معاملہ سی ڈی اے بورڈ کو بھیجنے کا حکم دیا۔
درخواست گزاروں کے وکیل اکرم شیخ ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ سی ڈی اے نے اسلام آباد میں شادی ہالز اور مارکی ہالز کی ریگولرائزیشن فیسوں میں 400 فیصد اضافہ کردیا ہے جو غیر معمولی اور بے پناہ اضافہ ہے۔ ان کے مطابق سی ڈی اے کی جانب سے فیسوں میں اس قدر اضافے کا اقدام سپریم کورٹ کے حکم کی خلاف ورزی ہے۔
اکرم شیخ ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ شادی ہالز اور مارکی ہالز مالکان پر ریگولرائزیشن فیسوں میں اضافے کے باعث اضافی مالی بوجھ ڈالا گیا ہے، جبکہ فیسوں میں اضافے کے قانونی جواز اور طریقہ کار کا جائزہ لیا جانا ضروری ہے۔
سی ڈی اے کے وکیل بیرسٹر بلال نصیر نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ شادی ہالز اور مارکی ہالز کی ریگولرائزیشن فیسوں کو 2 ہزار روپے سے بڑھا کر 7 ہزار 500 روپے فی مربع گز مقرر کرنے کا قانونی اختیار سی ڈی اے کے پاس موجود ہے۔
بیرسٹر بلال نصیر کے مطابق سی ڈی اے آرڈیننس 1960 کی دفعات 15، 36-B اور 51 کے تحت فیسوں کے تعین اور وصولی کا اختیار سی ڈی اے بورڈ کو حاصل ہے۔ انہوں نے موقف اختیار کیا کہ فیسوں کا ریٹ مقرر کرنے کا اختیار ایک مرتبہ استعمال ہونے کے بعد ختم نہیں ہوجاتا بلکہ قانون کے مطابق سی ڈی اے بورڈ دوبارہ فیسوں کا تعین کرسکتا ہے۔
عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد شادی ہالز اور مارکی ہالز کی ریگولرائزیشن فیسوں کا معاملہ سی ڈی اے بورڈ کو بھجوا دیا اور ہدایت کی کہ بورڈ قانون کے مطابق فیسوں کا ازسرِنو جائزہ لے کر فیصلہ کرے۔
جسٹس راجہ انعام امین منہاس نے درخواستوں کو نمٹاتے ہوئے سی ڈی اے بورڈ کو معاملے پر فیصلہ کرنے کا حکم دیا۔ عدالت کے اس اقدام کے بعد ریگولرائزیشن فیسوں میں اضافے کا معاملہ سی ڈی اے بورڈ کے سامنے زیرِ غور آئے گا، جہاں قانون کے مطابق اس حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔