شعیب اختر نے پرانے کرکٹ دور کا راز کھول دیا، بال ٹیمپرنگ کیسے ہوتی تھی

شعیب اختر نے پرانے کرکٹ دور کا راز کھول دیا، بال ٹیمپرنگ کیسے ہوتی تھی

پاکستان کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے اپنے کرکٹ کیریئر کے حوالے سے ایک ایسا انکشاف کیا ہے جس نے کرکٹ شائقین کی توجہ حاصل کرلی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ان کے دور میں انگلینڈ میں بال ٹیمپرنگ کے لیے سینڈ پیپر کے بجائے بوتلوں کے ڈھکن استعمال کیے جاتے تھے۔

معروف کرکٹ ویب سائٹ وسڈن کے پروگرام ’دی اسکوپ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے شعیب اختر نے کہا کہ انگلینڈ میں کھیلتے ہوئے وہ سینڈ پیپر نہیں بلکہ بوتلوں کے ڈھکن استعمال کیا کرتے تھے۔

گفتگو کے دوران انہوں نے آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ کے معاملے پر بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ شعیب اختر کا کہنا تھا کہ وہ اس معاملے میں عثمان خواجہ کے مؤقف کے ساتھ ہیں، تاہم ان کے خیال میں اس موضوع پر بات کرنے کے لیے وقت کا انتخاب بہتر ہو سکتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ اس معاملے کو مزید طول دینے کے بجائے ختم کر دینا چاہیے، کیونکہ اسے غیر ضروری طور پر بڑا مسئلہ بنایا جا رہا ہے۔

2 نئی گیندوں نے کرکٹ کا توازن تبدیل کردیا؟

شعیب اختر نے کرکٹ کے بدلتے قوانین اور کھیلنے کے طریقوں پر بھی تنقید کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ون ڈے کرکٹ میں دو نئی گیندوں کے استعمال سے بتدریج بیٹرز کو فائدہ پہنچ رہا ہے، جس سے بولرز کے لیے مشکلات بڑھ گئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:کرکٹ شائقین تیار ہوجائیں! راولپنڈی ٹیسٹ دیکھنے کیلئے ٹکٹ چاہیے نہ پیسے، پی سی بی کا بڑا اعلان

سابق فاسٹ بولر نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ گزشتہ تقریباً 20 برس سے زوال کا شکار ہے اور کھیل کی موجودہ صورتحال انہیں پریشان کرتی ہے۔

پاکستان کرکٹ میں نئے سپر اسٹارز کی کمی

شعیب اختر نے پاکستان کرکٹ میں نئے سپر اسٹارز کی کمی پر بھی بات کی۔ ان کے مطابق بابر اعظم جیسے کھلاڑی کی موجودگی کے باوجود پاکستان کو ایسے جارحانہ مزاج اور متاثر کن شخصیت کے حامل کرکٹرز کی ضرورت ہے جو نوجوان نسل کو اس کھیل کی طرف راغب کر سکیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ان کے اپنے بچے بھی کرکٹ میں زیادہ دلچسپی نہیں رکھتے۔ شعیب اختر کے ان بیانات کے بعد کرکٹ کے بدلتے قوانین، بال ٹیمپرنگ اور پاکستان میں نئے کرکٹ اسٹارز کی تلاش سے متعلق بحث ایک بار پھر توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔

editor

Related Articles