کم عمری میں خاندان کی ذمہ داری، زین نے والد کے انتقال کا درد بیان کردیا

کم عمری میں خاندان کی ذمہ داری، زین نے والد کے انتقال کا درد بیان کردیا

پاکستانی موسیقی کی دنیا میں اپنی پہچان بنانے والے گلوکار بھائی زین اور زوہیب نے والد کے انتقال سے جڑی زندگی کی ایک دردناک یاد شیئر کرتے ہوئے بتایا ہے کہ والد کی وفات پر وہ فوری طور پر رو بھی نہیں سکے تھے، کیونکہ اس وقت انہیں غم سے زیادہ اپنے خاندان کے مستقبل کی فکر لاحق تھی۔

زین اور زوہیب کا تعلق ایسے گھرانے سے ہے جس کی کئی نسلوں سے موسیقی سے وابستگی رہی ہے۔ ان کے دادا رحمت علی موسیقی کے حوالے سے معروف شخصیت تھے، جبکہ ان کے والد لیجنڈری قوال نصرت فتح علی خان کے موسیقی کے گروپ کا اہم حصہ رہے تھے۔

دونوں بھائی ان دنوں کینیڈا کے دورے پر ہیں، جہاں ایک انٹرویو کے دوران انہوں نے اپنی زندگی، موسیقی کے سفر اور والد کے انتقال کے بعد پیش آنے والی مشکلات کے بارے میں گفتگو کی۔

زین نے والد کی وفات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ اس وقت وہ بہت چھوٹے تھے اور والد کے دنیا سے چلے جانے کے بعد ان پر خاندان کی ذمہ داریاں سنبھالنے کی فکر غالب آگئی تھی۔

ان کے مطابق والد کے انتقال پر وہ نہیں روئے، کیونکہ ان کے ذہن میں مسلسل یہی سوال گردش کر رہا تھا کہ اب گھر اور خاندان کے معاملات کیسے چلیں گے؟

زین نے بتایا کہ والد کے انتقال کے بعد وہ ان کی پنشن کے معاملات مکمل کرنے کے لیے بھی بھاگ دوڑ کر رہے تھے، جس کی وجہ سے انہیں اپنے دکھ کا احساس کرنے کا موقع ہی نہیں ملا۔

یہ بھی پڑھیں:رابرٹ پیٹنسن کے ساتھ کون بنے گی بانڈ گرل؟ 5 بڑے نام سامنے آگئے

ڈیڑھ ماہ بعد ایک منظر نے رُلا دیا

گلوکار نے اپنی زندگی کا ایک ایسا لمحہ بھی بیان کیا جس نے انہیں والد کی جدائی کا حقیقی احساس دلایا۔ زین کے مطابق والد کے انتقال کے تقریباً ڈیڑھ ماہ بعد وہ سڑک پر کھڑے تھے کہ اسی دوران ایک باپ اور بیٹے کو ایک ساتھ گزرتے دیکھا۔

یہ منظر دیکھ کر انہیں اچانک شدت سے احساس ہوا کہ ان کے والد اب اس دنیا میں نہیں رہے اور وہ انہیں ہمیشہ کے لیے کھو چکے ہیں۔ زین کے مطابق اسی لمحے انہیں والد کی کمی کا گہرا احساس ہوا۔

ان کی یہ گفتگو سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کر رہی ہے، جہاں ان کے بیان کو والد کی جدائی، کم عمری میں ذمہ داریوں اور زندگی کی تلخ حقیقتوں سے جوڑ کر دیکھا جا رہا ہے۔

editor

Related Articles