پاک فوج امن، خوشحالی اور پائیدار ترقی کے سفر میں بلوچستان کے غیور عوام کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر

پاک فوج امن، خوشحالی اور پائیدار ترقی کے سفر میں بلوچستان کے غیور عوام کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر

چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر (نشانِ امتیاز ملٹری، ہلالِ جرات) نے بلوچستان کے اہم شہر تربت کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے خلاف جاری کامیاب آپریشنز اور صوبے کی سماجی و اقتصادی ترقی کے منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر ) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق جمعرات کو تربت آمد پر کور کمانڈر بلوچستان نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا استقبال کیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سب سے پہلے یادگارِ شہدا پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور ملک و قوم کی بقا کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔

سکیورٹی صورتحال اور ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ

آئی ایس پی آر کے مطابق دورے کے دوران چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز کو خطے کی موجودہ سکیورٹی صورتحال، پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں اور بیرونی ایما پر سرگرم دہشتگرد عناصر کے خلاف جاری کامیاب کارروائیوں کے حوالے سے جامع بریفنگ دی گئی۔

علاوہ ازیں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو بلوچستان کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے جاری مختلف سماجی و اقتصادی ترقیاتی منصوبوں پر ہونے والی پیشرفت سے بھی تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔

جوانوں کے بلند حوصلے اور پیشہ ورانہ مہارت کی ستائش

تربت میں تعینات فوجی جوانوں اور افسران سے ملاقات و گفتگو کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مشکل ترین آپریشنل حالات کے باوجود ان کی اعلیٰ درجے کی پیشہ ورانہ مہارت، جنگی تیاریوں اور مادرِ وطن کے دفاع کے لیے غیر متزلزل عزم کو بھرپور سراہا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر فیلڈ مارشل سید نے اس پختہ عزم کا اعادہ کیا کہ پاک فوج امن، خوشحالی اور پائیدار ترقی کے حصول کے لیے بلوچستان کے عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور صوبے کے استحکام پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔

بلوچستان کا خطہ خصوصاً مکران ڈویژن اور تربت اپنی جغرافیائی محلِ وقوع اور اقتصادی راہداری کے منصوبوں کے باعث غیر معمولی تزویراتی اہمیت کا حامل ہے۔

دشمن عناصر کی جانب سے وقتاً فوقتاً اس خطے کے امن اور ترقیاتی عمل کو سبوتاژ کرنے کی مذموم کوششیں کی جاتی رہی ہیں، جنہیں سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائیوں کے ذریعے ناکام بنایا ہے۔

عسکری قیادت کا یہ دورہ اس حقیقت کا واضح غماز ہے کہ ریاست بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام کے ساتھ ساتھ مقامی آبادی کی معاشی محرومیوں کے ازالے کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے۔

عسکری و ترقیاتی محاذوں پر بیک وقت پیش رفت سے نہ صرف بیرونی سرپرستی میں پلنے والے نیٹ ورکس کا قلع قمع ہو رہا ہے بلکہ مقامی آبادی اور ریاستی اداروں کے مابین اعتماد کا رشتہ بھی مزید مستحکم ہو رہا ہے، جو پورے خطے کی خوشحالی کی ضمانت ہے۔

Related Articles