اگر آپ کے پاس 2 اینڈرائیڈ اسمارٹ فونز ہیں تو یقیناً دونوں میں الگ الگ سم کارڈ استعمال کرنا پڑتا ہوگا۔ اکثر صارفین کے لیے ایک ہی سم کو بار بار ایک فون سے نکال کر دوسرے میں لگانا بھی کافی مشکل ہوتا ہے۔
لیکن اب گوگل اس مسئلے کا حل پیش کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔ جلد ہی اینڈرائیڈ صارفین ایک ہی فون نمبر کو بیک وقت دو مختلف اسمارٹ فونز پر استعمال کرسکیں گے۔
اینڈرائیڈ اتھارٹی کی رپورٹ کے مطابق گوگل ایک نئے فیچر پر کام کر رہا ہے جسے ’اینڈرائیڈ فاسٹ سوئچ‘ کا نام دیا گیا ہے۔ اس فیچر کا سراغ گوگل کی سم منیجر ایپ کے کوڈ سے ملا ہے۔
میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس نئے فیچر کا بنیادی مقصد صارفین کو ایک ہی نمبر دو مختلف اینڈرائیڈ فونز پر استعمال کرنے کی سہولت فراہم کرنا ہے۔ اس کے لیے دونوں اسمارٹ فونز پر ایک ہی گوگل اکاؤنٹ سے سائن ان ہونا ضروری ہوگا۔
یہ فیچر کافی حد تک ایپل کے حال ہی میں متعارف کرائے گئے آئی فون ہینڈ آف سے ملتا جلتا ہے، جس کے ذریعے ایک نمبر کو دو آئی فونز پر استعمال کیا جاسکتا ہے۔ تاہم ایپل کا یہ نظام ای سمز کے ذریعے کام کرتا ہے اور فی الحال امریکا اور برطانیہ میں دستیاب ہے۔
کیا یہ سہولت تمام اینڈرائیڈ فونز پر دستیاب ہوگی؟
فی الحال یہ واضح نہیں کہ اینڈرائیڈ فاسٹ سوئچ تمام اینڈرائیڈ اسمارٹ فونز پر کام کرے گا یا صرف مخصوص ڈیوائسز تک محدود رہے گا۔ اسی طرح یہ بھی معلوم نہیں کہ یہ سہولت فزیکل سم کارڈز کے لیے بھی دستیاب ہوگی یا صرف ای سم صارفین ہی اس سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔
رپورٹ کے مطابق فیچر ابھی تیاری کے مراحل میں ہے اور گوگل کی جانب سے اس کی باضابطہ لانچنگ کی تاریخ بھی سامنے نہیں آئی۔
اگر یہ سہولت متعارف ہوگئی تو ایک سے زیادہ فون استعمال کرنے والے صارفین کے لیے سم تبدیل کرنے کی جھنجھٹ کافی حد تک ختم ہوسکتی ہے۔