’’سات سمندر پار سے صوبہ چلانے کا دور ختم‘‘ پی ٹی آئی دور کے مالی اسکینڈلز پرشکنجہ کسنے کی تیاری،ثمرہارون بلورکا بڑا بیان سامنے آگیا

’’سات سمندر پار سے صوبہ چلانے کا دور ختم‘‘ پی ٹی آئی دور کے مالی اسکینڈلز پرشکنجہ کسنے کی تیاری،ثمرہارون بلورکا بڑا بیان سامنے آگیا

خیبرپختونخوا کی مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ، ریلیف، بحالی و آبادکاری ثمر ہارون بلور نے سابق پی ٹی آئی حکومت کے طرز حکمرانی اور مالی معاملات پر اہم انکشافات کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے کا نظام ایک شخص بیرون ملک بیٹھ کر چلا رہا تھا  تاہم اب ایسے انتظامی طریقہ کار کا خاتمہ کیا جا رہا ہے۔

مردان پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ثمر ہارون بلور نے کہا کہ سابق حکومت نے صوبے کے اداروں کو شدید بدانتظامی کا شکار کیا۔
 موجودہ حکومت کو ایسا گھر ملا ہے جسے چور پہلے ہی صاف کر چکے ہیں۔ ان کے مطابق صوبائی اداروں کو مستحکم بنانے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ محکمہ کمیونیکیشن اینڈ ورکس میں 19 ارب روپے کی مبینہ کرپشن کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ اس سلسلے میں جلد مقدمہ درج کیا جائے گا، جس میں سابق وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اور ان کے خاندان کے افراد بھی شامل ہوں گے۔

ثمر ہارون بلور کے اس بیان سے خیبرپختونخوا میں سابق دور کے مالی معاملات اور سرکاری منصوبوں کی جانچ پڑتال کا معاملہ ایک بار پھر اہمیت اختیار کر گیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ متعلقہ معاملے پر قانونی کارروائی آگے بڑھائی جائے گی۔

مشیر اطلاعات نے مزید دعویٰ کیا کہ سابق حکومت کے دور میں مبینہ طور پر 9 ارب روپے ہوا میں جاری کیے گئے تھے۔ متعلقہ ترقیاتی اسکیموں اور محکمہ مائنز اینڈ منرلز کے تمام ٹھیکوں کو منسوخ کر دیا گیا ہے تاکہ سرکاری وسائل کے استعمال میں شفافیت یقینی بنائی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد سرکاری اداروں کو فعال بنانا اور عوامی وسائل کے استعمال میں جواب دہی کا نظام قائم کرنا ہے۔ اس مقصد کے لیے سابقہ منصوبوں اور ٹھیکوں سے متعلق معاملات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

صوبے کی سیکیورٹی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ثمر ہارون بلور نے دعویٰ کیا کہ صوبائی حکومت کی مؤثر حکمت عملی کے نتیجے میں گزشتہ پانچ ہفتوں کے دوران دہشت گردی کے واقعات میں 80 فیصد کمی آئی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت پولیس کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا چاہتی ہے تاکہ پولیس آزادانہ اور مؤثر انداز میں امن و امان کے قیام کی ذمہ داریاں ادا کر سکے۔

انہوں نے بتایا کہ صوبے میں ہنگامی سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر ایمرجنسی نافذ کی گئی ہے تاہم دہشت گردی کے خاتمے کے ساتھ ساتھ عوامی مسائل اور انتظامی امور پر بھی کام جاری رکھا جائے گا۔

صحت کے شعبے میں اصلاحات کا ذکر کرتے ہوئے مشیر اطلاعات نے سابق دور میں نظام صحت کو بدانتظامی کا شکار قرار دیا۔  انہوں نے کہا کہ  ایک شخص سات سمندر پار بیٹھ کر صوبے کا نظام چلا رہا تھا  جس کے باعث اداروں کی خودمختاری اور انتظامی کارکردگی متاثر ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ  موجودہ حکومت صحت کے شعبے میں بہتری لانے کے لیے ایم ٹی آئی ایکٹ میں ترامیم متعارف کرانے کی تیاری کر رہی ہے۔ ان ترامیم کا مقصد طبی اداروں کے انتظامی ڈھانچے میں بہتری اور نظام کی کارکردگی کو مؤثر بنانا ہے۔

editor

Related Articles