امریکہ ایران پر کب حملہ کرے گا ؟ امریکی صدر ٹرمپ نے نئی تاریخ بتا دی

امریکہ ایران پر کب حملہ کرے گا ؟ امریکی صدر ٹرمپ نے نئی تاریخ بتا دی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائی کے حوالے سے اہم عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ فی الحال کسی جلد بازی میں نہیں ہیں اور نئے سال کے آغاز پر صورتحال کا جائزہ لیں گے۔

خبر رساں ادارے ایکسیوس کو انٹرویوز میں ٹرمپ سے ایران کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائی سے متعلق سوالات کیے گئے۔ امریکی صدر نے واضح کیا کہ وہ اس معاملے پر عجلت میں کوئی فیصلہ نہیں کرنا چاہتے اور نئے سال کے آغاز کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال دیکھیں گے۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا ایران کے خلاف نئی کارروائی اسی عرصے میں ہوسکتی ہے جس دوران رواں سال فروری کے آغاز میں جنگ شروع ہوئی تھی تو ٹرمپ نے اس امکان کو بھی مسترد نہیں کیا۔

ایکسیوس نے اپنی رپورٹ میں نشاندہی کی کہ فروری کے اواخر میں موجودہ جنگ شروع ہونے سے صرف ایک روز پہلے بھی ٹرمپ نے کہا تھا کہ انہوں نے ابھی فیصلہ نہیں کیا تاہم بعد میں سامنے آنے والی صورتحال سے ظاہر ہوا کہ حملے کا فیصلہ پہلے ہی کیا جا چکا تھا۔

اسرائیل کی جلد بازی پر امریکی تحفظات

دوسری جانب اسرائیلی ٹی وی چینل 12 کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ امریکی حکام کو ایران کے خلاف دوبارہ جنگ شروع کرنے کے لیے اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو کی جانب سے مبینہ دباؤ ڈالنے پر تحفظات ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ٹرمپ کے انتہائی قریبی سمجھے جانے والے ایک امریکی عہدیدار نے اس دباؤ کو سیاسی مقاصد سے جوڑا ہے۔ ان کے بقول نیتن یاہو 27 اکتوبر کو ہونے والے انتخابات کے تناظر میں پارلیمان میں اکثریت کھونے کے باوجود اقتدار برقرار رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

اسرائیلی ٹی وی چینل 12 نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران اسرائیل نے کئی مرتبہ ایران پر امریکی حملے کی تیاریاں کیں، لیکن ہر بار امریکی صدر نے آخری لمحے میں کارروائی کا حکم دینے سے گریز کیا۔

رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوجی نظام حملے کے لیے تیار ہو جاتے تھے، تاہم ٹرمپ اپنا ارادہ تبدیل کر لیتے تھے۔ ایک اسرائیلی عہدیدار کے حوالے سے بتایا گیا کہ ایران کے خلاف کارروائی کے امکانات بڑھ رہے ہیں اور اسرائیل امریکی اجازت کا منتظر ہے۔

ایران کے ہتھیاروں کا معاملہ

ٹرمپ نے فاکس نیوز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں بھی ایران کے حوالے سے اپنے خدشات کا اظہار کیا تھا۔ امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ایران کی جانب سے حیاتیاتی ہتھیار بنانے کی کوششوں کے شواہد ملے ہیں۔

ادھر اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے سربراہ رومن گوفمین نے گزشتہ ہفتے امریکی حکام سے ملاقاتوں میں ایران کے خلاف مشترکہ کارروائی کی حمایت کی تھی۔

ٹرمپ کے تازہ بیان اور اسرائیلی میڈیا کی رپورٹس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایران کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائی کے معاملے پر واشنگٹن اور تل ابیب کے درمیان مشاورت جاری ہے، تاہم فوری حملے کے وقت اور امریکی فیصلے کے حوالے سے صورتحال ابھی غیر یقینی ہے۔

editor

Related Articles