پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی پرواز پی کے 702 کا ایک واقعہ مسافروں کے لیے شدید پریشانی کا باعث بن گیا۔ پرواز مبینہ طور پر 50 سے زائد مسافروں کو مانچسٹر ایئرپورٹ پر چھوڑ کر اسلام آباد کے لیے روانہ ہوگئی۔
ذرائع کے مطابق پرواز کی روانگی سے قبل چیک اِن کاؤنٹر مقررہ وقت سے پہلے ہی بند کردیا گیا، جس کے باعث 50 سے زائد مسافر بورڈنگ سے محروم رہ گئے۔
متاثرہ مسافروں کو ایئرپورٹ پر پی آئی اے کے معلوماتی کاؤنٹر سے بھی مناسب رہنمائی اور سہولت فراہم نہیں کی جاسکی۔ اس صورتحال نے مسافروں کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پرواز چھوٹ جانے کے باعث ہنگامی طور پر سفر کرنے والے متعدد مسافر دوسری ایئرلائنز کے ذریعے اپنی منزل تک پہنچنے پر مجبور ہوگئے۔
واقعے کے بعد مسافروں میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔ متاثرین کو متبادل سفری انتظامات اور پیش آنے والی زحمت کے ازالے کے لیے پی آئی اے کی جانب سے سہولت فراہم کیے جانے کا انتظار ہے۔
