ایشیائی ترقیاتی بینک کی پاکستانی فن ٹیک کمپنی ’نیم‘ میں بڑی سرمایہ کاری

ایشیائی ترقیاتی بینک کی پاکستانی فن ٹیک کمپنی ’نیم‘ میں بڑی سرمایہ کاری

 

ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان میں قائم بزنس ٹو بزنس فن ٹیک کمپنی ’نیم‘ میں سرمایہ کاری کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جو کاروباری اداروں کو رقوم کی وصولی، انتظام اور ادائیگیوں کے لیے جدید ڈیجیٹل سہولیات فراہم کرتی ہے۔

 

منیلا میں قائم قرض دہندہ ادارے کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ یہ سرمایہ کاری بینک کے وینچر کیپیٹل بازو ’اے ڈی بی وینچرز‘ کے ذریعے کی جا رہی ہے، تاہم سرمایہ کاری کی مالیت کو صیغہ راز میں رکھا گیا ہے۔

 

اس ابتدائی مرحلے کی سرمایہ کاری سے ’نیم‘ کو اپنی مصنوعات مزید بہتر بنانے، ٹیم کو وسعت دینے اور ملک بھر میں کارپوریٹ اداروں اور تاجروں کو تیزی سے اپنے نیٹ ورک میں شامل کرنے میں بھرپور مدد ملے گی۔

 

پاکستان نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے فوری ادائیگی کے نظام ’راست‘ اور موبائل والٹس کے ذریعے صارفین کی ادائیگیوں کو ڈیجیٹل بنانے میں نمایاں پیش رفت کی ہے، جس سے کروڑوں افراد ڈیجیٹل مالیاتی نظام کا حصہ بن چکے ہیں، تاہم کاروباری سطح پر ہونے والی ادائیگیاں ابھی تک اس رفتار کا ساتھ نہیں دے سکیں۔

 

اسٹیٹ بینک کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں ریٹیل لین دین کی مالیت کا تقریباً 71 فیصد حصہ آج بھی نقد کی صورت میں طے پاتا ہے۔

ڈیجیٹل نظام اپنانے کے خواہشمند کاروباری اداروں کو بینکوں، موبائل والٹس، تنخواہوں کی ادائیگی کے نظام اور حساب کتاب کے آلات کے ساتھ الگ الگ منسلک ہونا پڑتا ہے، جو ایک سست، مہنگا اور پیچیدہ عمل ہے۔

 

ایک ہی پلیٹ فارم اور 70 سے زیادہ بڑے کلائنٹس

’نیم‘ کاروباری اداروں کو ایک ایسا جامع پلیٹ فارم فراہم کر کے اس خلا کو پر کر رہا ہے جہاں رقوم کی آمد، ان کے ریکارڈ اور ادائیگیوں کا مکمل انتظام ممکن ہے۔

اس کا جدید ایپلی کیشن پروگرامنگ انٹرفیس پر مبنی نظام رقوم کی وصولی، ادائیگی، ڈیجیٹل کھاتوں اور مالیاتی امور کو یکجا کرتا ہے اور کمپنی کے موجودہ آپریٹنگ سسٹم سے براہ راست جڑ کر حقیقی وقت میں حساب کتاب کو خودکار بناتا ہے۔

 

یہ کمپنی اس وقت لاجسٹکس، یوٹیلیٹیز، انشورنس، مینوفیکچرنگ اور ریٹیل کے شعبوں سے تعلق رکھنے والے 70 سے زائد بڑے کاروباری اداروں کو اپنی خدمات فراہم کر رہی ہے۔

 

خواتین کاروباری شخصیات اور محنت کشوں کی شمولیت

پاکستان میں ایشیائی ترقیاتی بینک کی کنٹری ڈائریکٹر ایما فین نے اس پیش رفت پر کہا کہ پاکستان ڈیجیٹل ادائیگیوں کے لیے ایک مضبوط بنیاد رکھ رہا ہے اور اگلا مرحلہ اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ ہر حجم کے کاروبار اس ترقی سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ’نیم‘ کاروباری اداروں کو نقد لین دین اور بکھرے ہوئے نظام سے نکال کر تیز، شفاف اور آسان ادائیگیوں کی طرف لا رہا ہے۔

 

اس اقدام کے اثرات براہ راست منسلک اداروں سے کہیں زیادہ وسیع ہیں، کیونکہ جب کاروبار اپنی ادائیگیوں کو ڈیجیٹل بناتے ہیں تو ان سے جڑے سپلائرز، چھوٹے دکاندار اور عارضی بنیادوں پر کام کرنے والے افراد بھی خود بخود رسمی مالیاتی نظام میں شامل ہو جاتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:قومی خزانے کیلئے ریلیف ، ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کیلئے 50 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دیدی

کمپنی کے حل ہر سطح کے کاروبار بشمول خواتین کی ملکیت والے اداروں اور چھوٹے کاروباری افراد کی ضروریات کو مدنظر رکھ کر تیار کیے گئے ہیں۔

 

مزید برآں اپنے قرضہ جاتی پورٹ فولیو کے تحت یہ کمپنی ملازمین کو ان کی کمائی گئی اجرت تک ذمہ دارانہ رسائی بھی فراہم کرتی ہے۔ اس سہولت کا خصوصی ہدف بڑی صنعتوں میں کام کرنے والا محنت کش طبقہ ہے تاکہ ان کا غیر رسمی ذرائع سے مہنگے قرضے لینے پر انحصار کم کیا جا سکے۔

 

’اے ڈی بی وینچرز‘ ایشیا اور بحرالکاہل کے خطے میں ابھرتی ہوئی ایسی ٹیکنالوجی کمپنیوں میں سرمایہ کاری کرتا ہے جو مالیاتی ٹیکنالوجی، زرعی جدت، موسمیاتی لچک اور جامع معاشی ترقی کے شعبوں میں درپیش سنگین چیلنجز کا حل پیش کرتی ہیں۔

 مزید پڑھیں:

ایشیائی ترقیاتی بینک کی پاکستان معاشی شرح نمو اور مہنگائی سے متعلق خطرناک پیشگوئی

پاکستان کی معیشت کا ایک بڑا حصہ غیر دستاویزی ہونے کے باعث ٹیکس نیٹ کی توسیع اور مالیاتی شمولیت ہمیشہ سے ایک بڑا چیلنج رہا ہے۔

عالمی مالیاتی ادارے کی جانب سے مقامی فن ٹیک کمپنی میں براہ راست سرمایہ کاری نہ صرف پاکستان کے اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم پر عالمی اعتماد کا مظہر ہے، بلکہ اس سے کاروباری لین دین کو دستاویزی شکل دینے میں بھی غیر معمولی مدد ملے گی۔

جب بڑے اداروں سے لے کر چھوٹے سپلائرز اور یومیہ اجرت پر کام کرنے والے مزدوروں تک تمام مالیاتی معاملات ڈیجیٹل ٹریک پر آئیں گے تو اس سے نہ صرف کاروباری لاگت میں کمی آئے گی بلکہ ملکی معیشت میں شفافیت اور استحکام بھی پیدا ہوگا۔

 

Related Articles