پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی کی جانب سے نئے صوبوں کے قیام کے لیے عوامی ریفرنڈم کی تجویز کو “غیر آئینی” قرار دینے اور پارلیمنٹ و صوبائی اسمبلی کے اختیارات کی دہائی دینے پر آئینی، قانونی اور سیاسی حلقوں نے انہیں آڑے ہاتھوں لے لیا ہے۔
آئینی ماہرین اور تجزیہ کاروں نے رضا ربانی کے 22 نومبر کے خط کا پوسٹ مارٹم کرتے ہوئے یہ چبھتا ہوا سوال اٹھایا ہے کہ اگر عوامی ریفرنڈم واقعی اتنا ہی غلط اور نظام کو تباہ کرنے والا اقدام ہے، تو پھر 1973ء کا آئین بناتے وقت پیپلز پارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو کہاں سوئے ہوئے تھے جنہوں نے خود آئین کے آرٹیکل 48(6) میں ریفرنڈم کی یہ شق شامل کی تھی؟
قانونی و سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ رضا ربانی اور پیپلز پارٹی کی قیادت آج اپنے ہی بانی قائد ذوالفقار علی بھٹو کے دیے گئے آئین سے یوٹرن لے رہی ہے۔ جب ذوالفقار علی بھٹو نے 1973ء کے آئین میں ریفرنڈم کی شق ڈالی تھی تو اس کا مقصد ہی یہ تھا کہ قومی اہمیت کے حامل بڑے معاملات پر عوام کی براہِ راست رائے لی جا سکے، کیونکہ جمہوریت میں اصل طاقت کا سرچشمہ عوام ہوتے ہیں۔
مبصرین سوال اٹھاتے ہیں کہ کیا اب پیپلز پارٹی کے نزدیک ذوالفقار علی بھٹو کا وہ آئینی فیصلہ غلط تھا، یا پھر صرف سندھ میں اپنی 18 سالہ جاگیردارانہ اجارہ داری بچانے کے لیے بھٹو کے آئین کی بھی نفی کی جا رہی ہے؟
پارلیمنٹرینز کے حقوق کا واویلا: کیا ارکانِ اسمبلی آئین اور عوام سے بالاتر ہیں؟
رضا ربانی کے اس مؤقف پر کہ ریفرنڈم سے پارلیمنٹ کی خودمختاری اور صوبائی اسمبلی کے آئینی اختیارات پر قدغن لگے گی، آئینی و عوامی حلقوں نے شدید ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے سوال اٹھایا ہے کہ آخر پارلیمنٹرینز کے پاس کون سے ایسے خصوصی حقوق ہیں جن کی آڑ میں وہ خود کو آئین اور عوام کی منشا سے بالاتر سمجھنے لگے ہیں؟
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلیاں عوام کے ووٹوں سے وجود میں آتی ہیں اور ارکانِ اسمبلی عوام کے نمائندے ہوتے ہیں، نہ کہ عوام کے مالک۔ ناقدین کے بقول جب کوئی صوبائی اسمبلی 18 سال تک عوام کو پینے کا صاف پانی، تعلیم، صحت اور بنیادی حقوق دینے میں ناکام ہو جائے اور اپنی عددی اکثریت کے بل بوتے پر عوامی مطالبات کا راستہ روک کر بیٹھ جائے، تو پھر آئینِ پاکستان خود عوام کو یہ حق دیتا ہے کہ وہ ریفرنڈم کے ذریعے اپنا فیصلہ خود سنائیں۔
مبصرین کا مؤقف ہے کہ رضا ربانی جس “پارلیمانی خودمختاری” کا راگ الاپ رہے ہیں، وہ دراصل سندھ اسمبلی میں بیٹھی وڈیرہ شاہی کے اس ناجائز اختیار کو بچانے کی کوشش ہے جس کے ذریعے کراچی اور حیدرآباد کے کروڑوں شہریوں کو یرغمال بنایا گیا ہے۔
ساڑھے چار سال کی خاموشی اور اچانک “آئینی غیرت” کا جاگنا
سیاسی اور عوامی حلقوں نے رضا ربانی کی پرانی خاموشیوں کا کچا چٹھا کھولتے ہوئے کہا کہ جب 27ویں آئینی ترمیم کے ذریعے صدر آصف علی زرداری کو فوجداری مقدمات سے تاحیات استثنیٰ دلوایا گیا، یا جب 2012ء میں خود پیپلز پارٹی نے قومی اسمبلی سے جنوبی پنجاب صوبے کی قرارداد منظور کرائی، اس وقت رضا ربانی کو نہ تو آئین کا بنیادی ڈھانچہ (Grundnorm) خطرے میں نظر آیا اور نہ ہی پارلیمنٹ کی بالادستی مجروح ہوئی۔
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ آج جب وفاقی وزراء اور سیاسی جماعتیں عوامی مشکلات کے حل کے لیے نئے صوبوں پر ریفرنڈم کی بات کر رہی ہیں، تو رضا ربانی کو اچانک آئین یاد آ گیا ہے۔ ناقدین کے مطابق حقیقت یہ ہے کہ رضا ربانی کا خط آئین کے تحفظ کے لیے نہیں بلکہ بلاول بھٹو زرداری اور پیپلز پارٹی کی لوٹ مار اور صوبائی اجارہ داری کے گرد حصار کھینچنے کے لیے لکھا گیا ہے، تاہم اب عوامی رائے کے سامنے آئینی موشگافیوں کی یہ دیوار زیادہ دیر کھڑی نہیں رہ سکے گی۔