پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اعظم سواتی نے دعویٰ کیا ہے کہ سینئر سیاستدان چوہدری نثار علی خان پی ٹی آئی میں شامل ہونے کے خواہاں ہیں۔
اعظم سواتی نے اسلام آباد میں عدالت پیشی کے موقع پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے کہاکہ ، “مجھے معلوم ہوا ہے کہ سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان پی ٹی آئی میں شامل ہونا چاہتے ہیں۔ میں ان کو خوش آمدید کہتا ہوں۔ چوہدری نثار ایک اصول پسند انسان ہیں۔
“انہوں نے مزید کہا کہ وہ مصطفیٰ نواز کھوکھر اور مشاہد حسین سید کو بھی پی ٹی آئی میں آنے کی دعوت دیتے ہیں۔اعظم سواتی نے علی امین گنڈاپور کے ساتھ ہونے والے واقعے کی مذمت کی اور وکلاء کو خراج تحسین پیش کیا جو قانون کی حکمرانی کے لیے کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے مولانا فضل الرحمان کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے قانون کی حکمرانی اور عدلیہ کی آزادی کے لیے اہم اقدامات اٹھائے ہیں۔انہوں نے دیگر سیاسی قائدین سے بھی اپیل کی کہ وہ ملکی مفاد کے لیے یکجا ہوں، اور کہا، “یہ ہمارا ملک ہے، ہمیں اس کو بچانا ہے۔”سواتی نے یہ بھی واضح کیا کہ وہ احتجاج کے دن علی امین گنڈاپور کے ساتھ نہیں تھے بلکہ ڈی چوک میں کارکنوں کے ساتھ تھے اور پولیس والوں کو کارکنوں سے بچانے کی کوشش کر رہے تھے۔
انہوں نے موجودہ حکومت کی سخت مذمت کی اور کہا کہ اس وقت انتہائی درجے کے لوگ حکومت میں بٹھائے گئے ہیں، اور عوام کو ان سے حساب کتاب لینے کی ضرورت ہے۔ سواتی نے زور دیا کہ پاکستان کو آج متحد کرنے کی ضرورت ہے اور صرف عمران خان ہی اس مقصد کو پورا کر سکتے ہیں۔

