پی ٹی آئی کے 106 کارکنان 30 دن کیلئے نظر بند، اہم تفصیلات سامنے آگئیں

پی ٹی آئی کے 106 کارکنان 30 دن کیلئے نظر بند، اہم تفصیلات سامنے آگئیں

 پاکستان تحریک انصاف کے اسلام آباد مارچ کے اعلان کے پیش نظر راولپنڈی ڈویژن میں پی ٹی آئی کے 106 سرگرم کارکنوں کو 3 ایم پی او کے تحت نظربند کر دیا گیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق نظربندی کے احکامات ڈسٹرکٹ انٹیلیجنس کمیٹی کی سفارش پر جاری کیے گئے ہیں، جبکہ تمام 106 کارکنوں کو 30 روز کے لیے اڈیالہ جیل میں نظر بند کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق راولپنڈی ڈویژن میں نظربند کیے جانے والے پی ٹی آئی کارکنوں میں راولپنڈی سے 31، اٹک سے 35، چکوال سے 23، جہلم سے 13 جبکہ واہ کینٹ سے 4 کارکن شامل ہیں۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ 27 ستمبر کے احتجاج کے پیش نظر راولپنڈی اور اسلام آباد میں سیکیورٹی اور انتظامی اقدامات مزید سخت کیے جا رہے ہیں۔ اس سے قبل راولپنڈی انتظامیہ کی جانب سے بھی 30 سے زائد پی ٹی آئی کارکنوں کی 3 ایم پی او کے تحت 30 روزہ نظربندی کی اطلاع سامنے آ چکی ہے۔

دوسری جانب اسلام آباد میں ممکنہ احتجاج سے نمٹنے کیلئے پولیس نے بھی تیاریاں شروع کر رکھی ہیں۔ مختلف مقامات پر راستوں کی ممکنہ بندش کیلئے کنٹینرز کا انتظام اضافی نفری کی طلب اور سیکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دینے کا عمل جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں:گیس کا گردشی قرض کیسے ختم ہوگا؟ حکومت نے تین سالا منصوبہ تیار کر لیا

اسلام آباد ہائیکورٹ میں بھی 27 ستمبر کے مارچ سے متعلق درخواست زیرسماعت ہے۔ عدالت نے خیبرپختونخوا کے چیف سیکرٹری اور آئی جی پولیس کو آئندہ سماعت پر بیان حلفی جمع کرانے کی ہدایت کی ہے کہ سرکاری مشینری مارچ کیلئے استعمال نہیں ہوگی۔ کیس کی آئندہ سماعت 14 ستمبر کو مقرر ہے۔

ادھر پاکستان تحریک انصاف نے 27 ستمبر کو اسلام آباد مارچ کا فیصلہ برقرار رکھا ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق گرفتاریوں یا دیگر رکاوٹوں کی صورت میں بھی احتجاج کی تیاری جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

گزشتہ روز خیبرپختونخوا حکومت کے وزیر اطلاعات شفیع جان نے بھی کہا تھا کہ تحریک انصاف خیبرپختونخوا سے اسلام آباد کی جانب پرامن مارچ کرے گی، جبکہ دیگر شہروں کے کارکن اپنے اپنے علاقوں میں احتجاج کریں گے۔

شفیع جان کے مطابق خیبرپختونخوا سے ملحقہ شہروں کے کارکن اسلام آباد کی جانب آئیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف اس نظام کو گرانے کیلئے پوری طاقت کے ساتھ اسلام آباد کی طرف مارچ کرے گی۔

یوں 27 ستمبر کے احتجاج سے قبل ایک طرف پی ٹی آئی کی جانب سے کارکنوں کو متحرک کرنے کا سلسلہ جاری ہے تو دوسری جانب وفاقی دارالحکومت اور جڑواں شہروں میں انتظامیہ نے ممکنہ احتجاج سے نمٹنے کیلئے سیکیورٹی اور انتظامی اقدامات تیز کر دیے ہیں۔

Qaisar Mirza
editor

Related Articles