انڈونیشیا میں زلزلے کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 47 تک پہنچ گئی

انڈونیشیا میں زلزلے کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 47 تک پہنچ گئی

انڈونیشیا کے جزیرے فلوریس میں 7.7 شدت کے شدید زلزلے نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی، جس کے نتیجے میں کم از کم 47 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔

انڈونیشیا کی نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی کے مطابق متاثرہ علاقوں میں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے، جبکہ ملبے تلے مزید افراد کی موجودگی کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

حکام کے مطابق زلزلہ گزشتہ روز مقامی وقت کے مطابق صبح 5 بجے سے کچھ دیر قبل آیا۔ محکمہ موسمیات و جیو فزکس کے مطابق زلزلے کی گہرائی صرف 15 کلومیٹر تھی، جس کے باعث زمین کی سطح پر اس کے جھٹکے انتہائی شدید اور تباہ کن ثابت ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: انڈونیشیا زلزلے سے لرز اٹھا، شدت 6.7 ریکارڈ

زلزلے اور اس کے بعد آنے والے درجنوں آفٹر شاکس کے باعث سیکڑوں عمارتوں کو نقصان پہنچا، جبکہ مختلف علاقوں میں شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

بندرگاہ کی عمارت کا ملبہ مسافروں پر آ گرا

ماؤمیرے بندرگاہ سے سامنے آنے والی ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ زلزلے کے دوران ٹرمینل کی عمارت کا ملبہ مسافروں پر آ گرا، جبکہ جہاز سے ملانے والا راستہ ٹوٹنے کے باعث متعدد افراد سمندر میں جا گرے۔

مقامی حکام کے مطابق بعض افراد عمارتوں کا ملبہ گرنے کے باعث اس وقت جاں بحق ہوئے جب وہ اپنے گھروں میں سو رہے تھے۔

دیگر علاقوں میں بھی شدید آفٹر شاکس

زلزلے کے بعد انڈونیشیا کے مختلف علاقوں میں متعدد آفٹر شاکس محسوس کیے گئے۔ ان میں شمالی سماٹرا میں آنے والا 6.4 شدت کا زلزلہ بھی شامل ہے، تاہم امریکی جیولوجیکل سروے نے اس جھٹکے کی شدت 6.9 بتائی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور آزاد کشمیر کو لڑانے کی کوشش کرنے والے شرپسندوں کوشکست ہوئی،مریم نواز

حکام نے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں تیز کردی ہیں اور سرچ اینڈ ریسکیو ٹیمیں تباہ شدہ عمارتوں اور ملبے میں پھنسے افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔

حکام نے مزید ہلاکتوں اور مالی نقصان کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور آفٹر شاکس کے پیش نظر محفوظ مقامات پر رہنے کی ہدایت کی ہے۔

Related Articles