وفاقی حکومت نے پنشن کے تعین کے نئے طریقہ کار کے حوالے سے وضاحتی نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
وزارت خزانہ کے مطابق یکم جنوری 2025 سے نافذ ہونے والے نئے قوانین کے تحت پنشن کا حساب اب ملازمت کے آخری دو سال کی اوسط تنخواہ کی بنیاد پر لگایا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی دوہری یا ملٹی پل پنشن لینے پر پابندی عائد کردی گئی ہے تاہم یہ پابندی ان ملازمین پر لاگو نہیں ہوگی جو یکم جنوری 2025 سے قبل ہی دوہری پنشن وصول کر رہے ہیں۔
نئے قوانین کے مطابق اگر کوئی سرکاری ملازم یکم جنوری 2025 کے بعد نئی ملازمت حاصل کرتا ہےتو اسے تنخواہ یا پنشن میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہوگا۔ وزارت خزانہ نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ ملازمت کے آخری سال میں ملنے والی اضافی انکریمنٹ کو پنشن کے حساب میں شامل نہیں کیا جائے گا۔ خاندانی پنشن کا حساب اب نیٹ پنشن کی بنیاد پر لگایا جائے گا۔
نوٹیفکیشن میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ یہ نئے قوانین یکم جنوری 2025 سے پہلے ریٹائر ہونے والے ملازمین پر لاگو نہیں ہوں گے۔ اسی طرح، ایل پی آر، ان کیشمنٹ، یا قبل از وقت ریٹائرمنٹ لینے والے ملازمین بھی ان نئے قوانین سے مستثنیٰ ہوں گے۔
وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ یہ تبدیلیاں ملازمین کے حقوق کو تحفظ دینے کے ساتھ ساتھ سرکاری خزانے پر بوجھ کو کم کرنے میں بھی معاون ثابت ہوں گی۔